یہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کا نتیجہ ہے

پاکستان کے موقف کو امریکا، یورپ سمیت دنیا بھر میں قبول کیا جا رہا ہے، جلد دہشت گردوں کے سہولت کار بھی دہشت گردوں کی فہرست میں ہوں گے، امریکا کی جانب سے کالعدم بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے پر طلال چوہدری کا ردعمل

muhammad ali محمد علی پیر 11 اگست 2025 23:53

یہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کا نتیجہ ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست2025ء) طلال چوہدری نے امریکا کی جانب سے کالعدم بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کو پاکستان کی کامیاب سفارت کاری قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی جانب سے بی ایل اے اور اس کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیے جانے پر وزیر مملکت طلال چوہدری کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ یہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کا نتیجہ ہے پاکستان کے موقف کو امریکا، یورپ سمیت دنیا بھر میں قبول کیا جا رہا ہے، جلد دہشت گردوں کے سہولت کار بھی دہشت گردوں کی فہرست میں ہوں گے، بھارت کی پریکسیز پر پابندی پاکستان کی جیت ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان سفارتی محاذ پر ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکا نے پاکستان میں دہشت گرد کاروائیوں میں ملوث 2 تنظیموں کو کالعدم دہشت گرد تنظیمیں قرار دے دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ گروپس کو کالعدم تنظیمیں قرار دینے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بی ایل اے اور اس کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ غیر ملکی دہشت گرد تنظیمیں ہیں، دونوں تنظیمیں پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی ذمے داری قبول کر چکیں۔

ان حملوں میں بی ایل اے اور مجید بریگیڈ نے معصوم شہریوں، سیکیورٹی فورسز اور اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔ بی ایل اے اور اس کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ نے کئی ہائی پروفائل حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے جن میں انسانی جانوں کا شدید نقصان ہوا۔ دونوں گروپ عسکریت پسندی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں، جس سے خطے میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔

بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کے ان حملوں پر تادیبی کارروائی عالمی سلامتی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ بی ایل اے 2019 سے غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل ہے، جبکہ اب اس کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ کو بھی غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ فیصلہ اس بات کا تسلسل ہے کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتے گا۔