ٹرمپ نے چین کے ساتھ اضافی ٹیرف معاہدے میں مزید 3 ماہ کی توسیع کردی

یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر بھاری محصولات نافذ ہونے والے تھے

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 اگست 2025 09:20

ٹرمپ نے چین کے ساتھ اضافی ٹیرف معاہدے میں مزید 3 ماہ کی توسیع کردی
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اگست 2025ء ) امریکہ کی جانب سے چین کے ساتھ ٹیرف معاہدے میں 3 ماہ کی توسیع کردی گئی۔ عالمی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے صدارتی حکم پر دستخط کردیئے، یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر بھاری محصولات نافذ ہونے والے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں طے شدہ معاہدے کی مدت 12 اگست کو ختم ہوچکی ہے، صدر ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے جس کے تحت معاہدے میں توسیع کر دی گئی، نئے صدارتی حکم کے تحت موجودہ ٹیرف ریٹ اگلے تین ماہ تک نافذ رہے گا۔

بتایا جارہا ہے کہ جنوری میں ٹرمپ نے چینی درآمدات پر 145 فیصد ٹیرف عائد کیا تھا جس کے جواب میں چین نے امریکی درآمدات پر 125 فیصد ٹیرف عائد کیا، گزشتہ ماہ ہونے والے تجارتی مذاکرات کے بعد دونوں فریقوں نے بات چیت کو تعمیری قرار دیا، اعلیٰ مذاکرات کار کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ٹیرف جنگ بندی کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

چند روز قبل اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ چین پر بھی ٹیرف عائد کیے جا سکتے ہیں، چپس اور سیمی کنڈکٹرز پر 100 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا جس کا مقصد امریکی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں برتری دلانا ہے، ایپل سمیت متعدد امریکی کمپنیاں واپس امریکہ لوٹ رہی ہیں، جو بھی کمپنیاں امریکہ میں اپنی مصنوعات بنائیں گی ان پر کوئی اضافی چارج نہیں لگایا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ ایک سال قبل امریکہ کو دیوالیہ قرار دیا جا رہا تھا لیکن آج امریکی سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جب کہ ایران کی جوہری صلاحیت کو پہلے ہی ختم کیا جا چکا ہے جس کے لیے بی ٹو بمبار طیاروں سے ایرانی جوہری تنصیبات پر بمباری کی گئی، اگر تہران نے دوبارہ جوہری پروگرام شروع کیا تو امریکہ حملہ کرے گا۔