یاسمین راشد، عمر سرفراز، محمود الرشید اور اعجاز چودھری کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم

منگل 12 اگست 2025 15:36

یاسمین راشد، عمر سرفراز، محمود الرشید اور اعجاز چودھری کی جائیدادیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء) عدالت نے 9مئی جلائو گھیرائو سے متعلق دو مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے چار سینئر رہنمائوں یاسمین راشد، عمر سرفراز، محمود الرشید اور اعجاز چودھری کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9مئی کے جلائو گھیرائو سے متعلق دو مقدمات میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے چار سینئر رہنمائوں کو سخت سزائیں سنا دیں۔

عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمودالرشید اور اعجاز چوہدری کو 10، 10سال قید اور 6، 6لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے، عدالت نے سزا یافتہ مجرموں کے جیل وارنٹ جاری کرتے ہوئے ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا بھی حکم دے دیا۔یہ فیصلے تھانہ شادمان اور تھانہ سرور روڈ میں درج جلائو گھیرائو کے مقدمات میں سنائے گئے ہیں، جن میں ملزمان پر پرتشدد مظاہروں اور عوامی و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام تھا، عدالت نے گزشتہ روز ان کیسز میں تفصیلی فیصلہ سنایا تھا۔

(جاری ہے)

سپرنٹنڈنٹ جیل کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ عدالتی احکامات کے مطابق قیدیوں کو جیل میں منتقل کر کے سزائوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔یہ کیسز 9مئی 2023ء کے واقعات سے متعلق ہیں، جب چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد مختلف شہروں میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے جن میں فوجی تنصیبات، سرکاری و نجی املاک کو نشانہ بنایا گیا تھا۔