موجودہ حکومت نے نوجوانوں کے لیے انقلابی اقدامات کیے ہیں ، حافظ محمد طیب

منگل 12 اگست 2025 16:17

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے ضلعی صدر حافظ محمد طیب نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج عالمی یومِ نوجوانان جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا مقصد نوجوانوں کے مسائل، کردار اور ترقی میں ان کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ اس سال کا عالمی موضوع "یوتھ کی شمولیت اور پائیدار ترقی" رکھا گیا ہے۔

موجودہ حکومت نے نوجوانوں کے لیے انقلابی اقدامات کیے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وریو ڈیرہ پر حلقہ سے آے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان آبادی کا تقریباً 64 فیصد ہیں، جو ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ نوجوانوں کی تعلیم، ہنر مندی، روزگار اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع بڑھائے گئے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت میں استعمال کر سکیں۔

(جاری ہے)

یوتھ لیڈرکا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی، انٹرپرینیورشپ اور تعلیمی اصلاحات کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر مختلف اداروں کی جانب سے سیمینارز، ورکشاپس اور آگاہی مہمات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں نوجوانوں کو قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان دنیا کی کسی بھی قوم سے کم نہیں بس انہیں مواقع، رہنمائی اور اعتماد فراہم کرنا ہوگا تاکہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے تعلیمی مواقع، جدید ٹیکنالوجی کی تربیت اور انٹرپرینیورشپ پروگرامز کو مزید فروغ دے رہی ہے، تاکہ وہ ملک کی معیشت میں فعال کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ صوبائی حکومت پنجاب نے نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے جن میں پنجاب سکالرشپ پروگرام ، لیپ ٹاپ سکیم ، کھیلتا پنجاب ای-بائیک اسکیم ، ایڈوانس آئی ٹی ٹریننگز ، مریم نواز کلینکس ، آسان کاروبار کارڈ و فنانس، انٹرن شپ پروگرام شامل ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی کامیابی سے بڑھ کر کوئی خوشی نہیں،نوجوان ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں حکومت ان کی حوصلہ افزائی کرے گی ۔