پاکستان ریلوے واحد ادارہ ہے جو اپنی آمدن سے پنشن اور ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ دیتا ہے، بینیفٹس کی مد میں ساڑھے 12 ارب روپے کا شارٹ فال ہے جس کو حل کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں، حنیف عباسی

منگل 12 اگست 2025 16:18

پاکستان ریلوے واحد ادارہ ہے جو اپنی آمدن سے پنشن اور  ملازمین کی تنخواہوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے ملک کا واحد ادارہ ہے جو اپنی آمدن سے پنشن اور ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ دیتا ہے،بینیفٹس کی مد میں ساڑھے 12 ارب روپے کا شارٹ فال ہے جس کو حل کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔منگل کو قومی اسمبلی میں آغا رفیع اللہ اور دیگر کے پاکستان ریلویز کے ملازمین اور ان کے خاندانوں کو گریجویٹی ،بینوولینٹ فنڈ،شادی گرانٹس،نقد رقم بروقت رخصت،الوداعی گرانٹ کی ادائیگیوں میں تاخیر سے متعلق توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلویز میں تنخواہوں کا مسئلہ حل کررہے ہیں، معمول کی پنشن مل رہی ہے، بینیفٹس کی ادائیگی کا ایشو ہے،اس کو بھی حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مزدور کی وجہ سے پاکستان ریلویز چل رہا ہے ، ان کی تنخواہیں اور اوور ٹائم کا مسئلہ حل کیا ہے۔

(جاری ہے)

ساڑھے 12 ارب روپے کا شارٹ فال ہے اس کو جلد وزارت خزانہ سے مل کر حل کرلیں گے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلویز پورے پاکستان کا واحد ادارہ ہے جس کے ملازمین کی پنشن ریلوے کے طرف سے ہے،فلاحی اور میرج فنڈ کے لئے 15 کروڑ روپے مختص کیے ہیں،آمدن میں اضافہ کے بعد اس میں مزید اضافہ کریں گے،حکومت کی جانب سے سیلری میں اضافہ بھی ہم خود اپنے وسائل سے دیتے ہیں۔

شازیہ مری کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ 68 ارب روپے معمول کی پنشن کی مد میں دئیے جا رہے ہیں، بینیفٹس کا ایشو ہے،ریلوے کو منافع ہوا ہے روزانہ کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی، موقع ملتے ہی اپنے وسائل سے مسائل حل کریں گے۔