عظیم چینی قوم کو 76 ویں یوم تاسیس پر دلی مبارکباد، جدید چین کی مثالی کامیابیاں دنیا کے لیے مشعل راہ ہیں ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

بدھ 1 اکتوبر 2025 16:14

عظیم چینی قوم کو   76 ویں یوم تاسیس پر دلی مبارکباد،   جدید چین کی مثالی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کی پارلیمان اور عوام کی جانب سے صدر عوامی جمہوریہ چین شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ، چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی آف نیشنل پیپلز کانگریس مسٹر ژائو لیجی اور عظیم چینی قوم کو عوامی جمہوریہ چین کے 76 ویں یوم تاسیس کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید چین کی مثالی کامیابیاں دنیا کے لیے مشعل راہ ہیں ۔

منگل کو اپنے تہنیتی پیغام میں سپیکر نے چین کے عظیم رہنما مائوزے تنگ کی بصیرت افروز قیادت اور ان کی شاندار خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مائو نے چین کو ایک بڑی عالمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی اور تیسری دنیاکے ممالک کے لیے انقلابی ماڈل کے طور پر پیش کیا، جدید چین کی مثالی کامیابیاں دنیا کے لیے مشعل راہ ہیں۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاک-چین دوستی خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے ہمارے مشترکہ وژن کا عملی ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی بے مثال دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات کی مضبوط بنیادوں پر استوار اور ہر آزمائش میں پوری اتری ہے۔ انہوں نے بھارت کی حالیہ جارحیت کے خلاف پاکستان سے اظہار یکجہتی اور عالمی و علاقائی فورمز پر چین کے غیر متزلزل موقف کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ ناانصافی، جارحیت اور ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی اور اس کے خلاف آواز بلند کی۔

سپیکر قومی اسمبلی نے سی پیک 2.0 کا خیرمقدم کیا جس کے تحت پانچ نئے راہداری منصوبے شروع کیے گئے ہیں جو زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور صنعتوں کی منتقلی پر مرکوز ہیں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف پاکستان کی صنعتی و معاشی ترقی میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ عوامی روابط کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے بیجنگ میں ہونے والی دوسری پاک-چین بزنس ٹو بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس کے دوران زراعت، ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں 8.5 بلین امریکی ڈالر مالیت کے مشترکہ منصوبوں اور معاہدوں پر دستخطوں کو بھی سراہا اور انہیں معاشی ترقی کے طویل سفر سے تعبیر کیا۔ انہوں نے 2024-2029 کے مشترکہ ایکشن پلان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ روڈمیپ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے جامع لائحہ عمل فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے دفاع اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جاری تعاون کو بھی سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ تعاون خطے میں امن، استحکام اور دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کا باعث ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے بڑھتے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے لاہور میں منعقد ہونے والے چوتھے ہیلتھ، انجینئرنگ اور منرلز شو جس میں 200 چینی کمپنیوں نے شرکت کی، میں طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے صدر پاکستان کے حالیہ دورے کے دوران محتلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے ہونے والی مفاہمتی یاداشتوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں خطے کی خوشحالی کے لیے خوش آئند قرار دیا ۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی مدبر قیادت کی رہنمائی میں یہ منفرد اور آزمودہ دوستی مزید مستحکم ہو گی جو پاکستان اور چین سمیت پورے خطے کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولے گی۔\932