فیشن ڈیزائنر کیخلاف ٹیکس فراڈ کے مقدمے سے متعلق درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری

منگل 12 اگست 2025 17:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء) سندھ ہائی کورٹ نے فیشن ڈیزائنر کیخلاف ٹیکس فراڈ کے مقدمے سے متعلق نومی انصاری کی وفاقی حکومت اور دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پرایڈووکیٹ جنرل سندھ اور پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو 20 اگست کے لیے نوٹس جاری کردیئے۔سندھ ہائیکورٹ میں فیشن ڈیزائنر کیخلاف ٹیکس فراڈ کے مقدمے سے متعلق نومی انصاری کی وفاقی حکومت اور دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ سندھ ہائیکورٹ نے ٹیکس فراڈ کے مقدمے پر کارروائی معطل کردی تھی۔ عدالت نے ان لینڈ ریوینیو سے مقدمے کے اندراج کی وجوہات طلب کی تھیں۔ اسی مقدمے کی بنیاد پر درخواستگزار نومی انصاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نومی انصاری کو 9 جون کو دبئی جانے سے روک دیا گیا۔ درخواستگزار نے 9 جولائی کو امریکا میں فیشن شو میں پاکستان کی نمائندگی کرنی ہے۔

پتا چلا درخواست گزار کا نام ای سی ایل میں شامل کرلیا گیا ہے۔ ایف بی آر اور وفاقی حکومت نومی انصاری کیخلاف کارروائی سے متعلق عدالت کو مطمئن نہ کر سکے۔ عدالت ٹیکس کے معاملے میں درخواستگزار کیخلاف کریمنل کارروائی پر ایف بی آر افسران پر برہم ہوگئی۔ چیف جسٹس جنید غفار نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے ایف بی آر سے کہا تھا مینکزم بتائیں الٹا درخواست گزار کیخلاف ایف بی آر درج کرلی گئی۔

وکیل ایف بی آر زاہد ابراہیم نے موقف دیا کہ ہمیں جواب الجواب جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے۔ چیف جسٹس جنید غفار نے ریمارکس میں کہا کہ ٹیکس کے معاملے پر کریمنل کارروائی کیسے کرنی ہے عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں۔ اب کاونٹر ایفیڈوڈ جعع کرانے کا وقت نکل گیا فریقین پر فرد جرم عائد ہوگی۔ عدالت نے چیف کمشنر ان لینڈ ایف بی آر ریونیو زاہد مسعود،کمشنر ان لینڈ ریونیو ایف بی آر رضوان میمن اور اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو سحرش جاوید کے خلاف توہین کی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

عدالت نے ایف بی آر کے تینوں افسران کے خلاف فرد جرم عائد کرنے تاریخ مقرر کردی۔ عدالت نے ایف بی آر افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو 20 اگست کے لیے نوٹس جاری کردیئے۔