منہاج یوتھ لیگ نے شجرکاری مہم کا آغازکر دیا، 50ہزارپودے لگانے کا اعلان

منگل 12 اگست 2025 22:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) منہاج یوتھ لیگ لاہور کے زیر اہتمام نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر شجر کاری مہم کا آغازکردیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی ڈاکٹر احمد خاور شہزاد اور ڈائریکٹر پی ایچ اے ظہیر الاسلام نے ناظم اعلی خرم نواز گنڈاپور اور منہاج یوتھ لیگ کے صدر رانا وحید شہزاد کے ہمراہ پودے لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا ۔

اس موقع پر منہاج القرآن کے مرکزی قائدین اور یوتھ لیگ کے رہنما بڑی تعداد میں موجود تھے۔ یوتھ لیگ کے صدر رانا وحید شہزاد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج یوتھ لیگ کی ملک بھر کی تنظیمات مختلف اضلاع اور شہروں میں 50 ہزار پودے لگائیں گی جس کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ڈی جی پنجاب روڈ سیفٹی ڈاکٹر احمد خاور شہزاد نے کہا کہ میں ڈاکٹر طاہرالقادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے اپنے نوجوانوں کی بہترین تربیت کی ہے اور وہ آئندہ نسلوں کی بہتری کے لئے سوچ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شجر کاری زندگی کی بقا کا مسئلہ ہے، ہر شخص کو ذات، جماعت اور اپنے مفاد سے بالاتر ہو کر پاکستان کو سرسبز بنانے کے لئے محنت کرنا ہو گی۔ ڈائریکٹر پی ایچ اے ظہیر الاسلام نے کہا کہ ہم منہاج یوتھ لیگ کو ہر ممکن مدد دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر دینی و مذہبی جماعتیں بھی اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ناظم اعلی منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور یوتھ لیگ کے تمام ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ شجر کاری کی اس مہم کو کامیاب بنائیں۔

نوجوان تعلیم یافتہ، خوشحال اور سر سبز پاکستان کے لئے محنت کریں۔ بعدازاں نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سیمینارنوجوان پاکستان کا مستقبل سے اظہار خیال کرتے ہوئے رہنمائوں نے اس عزم کااظہار کیا کہ 78ویں یوم آزادی کے تاریخی موقع پر ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو انتہا پسندی کے اندھیروں سے نکال کر علم کے نور سے روشن کریں گے۔

سیمینار میں ملک بھر میں تعلیم و تربیت کے مثالی ادارے قائم کرنے پر سیمینار کے شرکا نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی شبانہ روز محنت اور سرپرستی کو سراہا۔ سیمینار سے خرم نواز گنڈاپور،انجینئر محمد رفیق نجم،راجہ زاہد محمود،ڈاکٹر خرم شہزاد،کرنل (ر) خالد جاوید،رانا وحید شہزاد،ڈاکٹر عمران یونس،کامران عثمانی،شیخ فرحان عزیز، سردار عمر دراز،مظہر محمود علوی،شکیل احمد طاہر،محمد صدام ،چوہدری علی رضا نت،محسن بشیر چوہدری سمیت دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔