ملک بھر میں جولائی میں پولیو وائرس کے مثبت نمونوں میں کمی کا رجحان

87اضلاع سے 127سیوریج کے نمونے حاصل کیے گئے ،75نمونے منفی، 42مثبت پائے گئے، 10کی جانچ جاری

منگل 12 اگست 2025 22:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)جولائی میں ملک بھر سے حاصل کے گئے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کے مثبت نمونوں میں کمی کارجحان سامنے آیا ہے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق جولائی 2025میں 87اضلاع سے 127سیوریج کے نمونے حاصل کیے گئے جن میں سے 75نمونے منفی، 42مثبت پائے گئے، 10 نمونوں کی جانچ جاری ہے۔مجموعی رجحان مثبت نمونوں میں کمی کی عکاسی کرتا ہے، بلوچستان میں جولائی میں صرف ایک مثبت مقام رپورٹ ہوا، کوئٹہ بلاک میں 7میں سے 6مقامات منفی آئیں۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا ہ میں مثبت مقامات 14سے کم ہو کر 7رہ گئے، پشاور میں 6میں سے 4مقامات کا نتیجہ منفی آیا، پنجاب میں مثبت مقامات مارچ میں 15سے کم ہو کر جولائی میں 12ہو گئے۔سندھ میں مثبت اضلاع مارچ کے مقابلے میں 20سے کم ہو کر جولائی میں 12رہ گئے، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں تمام نمونے منفی آئے۔این ای او سی کے مطابق اگلی پولیو مہم 17ستمبر 2025ء سے 91اضلاع میں شروع ہوگی، مہم کا ہدف 2کروڑ 80لاکھ بچوں کو ویکسین دینا ہے، والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ مہم کے دوران بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں۔