وزیرمواصلات سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی ملاقات

دونوں ممالک کے مابین حالیہ برسوں میں تعلقات کی مضبوطی ، باہمی تعاون میں نمایاں پیشرفت پر تبادلہ خیال آذربائیجان اور پاکستان یک جان دو قالب ،بھارت کیخلاف فتح کی خوشی آذربائیجان کے عوام کو ہوئی،عبدالعلیم خان

منگل 12 اگست 2025 22:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان تاریخی، جغرافیائی اور مذہبی تعلق سے جڑے ہوئے ہیں، آذربائیجان اور پاکستان کے عوام یک جان دو قالب ہیں جس کا ثبوت یہ ہے کہ بھارت کے خلاف حالیہ معرکہ بنیان مرصوص میں پاکستان کی فتح کی زیادہ خوشی آذربائیجان کے عوام کو ہوئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں منگل کوان کے دفتر میں ملاقات کی۔وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین حالیہ برسوں میں تعلقات کی مضبوطی اور باہمی تعاون میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے،پاکستان اور آذربائیجان کا اسلام آباد میں مشترکہ چیمبر آف کامرس قائم ہونا انتہائی مثبت اور خوش آئند اقدام ہے جس سے دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے لئے آسانیاں پیدا ہوں گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں سے زمینی رابطوں،تجارت میں اضافے اور باہمی امور کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستانی نوجوانوں کی بڑی تعداد ان ریاستوں میں زیر تعلیم بھی ہے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے حالیہ عوامی اجتماعات میں پاکستانی عوام کی طرف سے چین اور ترکیہ کے علاوہ آذربائیجان کے قومی پرچموں کو لہرانا دونوں ممالک کے عوام کے مابین دوستانہ تعلقات کا اظہار ہے۔

پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے کہاکہ دونوں ممالک کی دوستی آنے والے دنوں میں مزید فروغ پائے گی۔انہوںنے کہاکہ آذربائیجان بھی پاکستان سے دو طرفہ تجارت اور تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔انہوں نے وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کے حالیہ دورہ آذربائیجان کو سراہتے ہوئے اٴْن کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں کو سراہا جس سے دونوں ممالک مزید نزدیک آئے ہیں۔