گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سےمختلف یونیورسٹیوں کے کھلاڑیوں کے نمائندہ وفد کی ملاقات

منگل 12 اگست 2025 19:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سےمختلف یونیورسٹیوں کے کھلاڑیوں کے نمائندہ وفد نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے کوچ احمد خٹک کی سربراہی میں منگل کو گورنر ہاوس پشاور میں ملاقات کی۔ گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق وفد میں وویمن یونیورسٹی مردان کی ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر نیلوفر اکرام ، لکی مروت یونیورسٹی کی ڈائریکٹر سپورٹس رخسانہ یعقوب، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کوہاٹ کی پرنسپل ڈاکٹر مسرت، ڈاکٹر شانیہ اور مختلف کھیلوں کے کھلاڑی شامل تھے۔

وفد نے گورنر کو صوبے کی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سہولیات سمیت دیگر اقدامات سے آگاہ کیا۔ احمد خٹک نے اس موقع پر گورنر کو بتایا کہ پنجاب میں پی ایس ایل طرز کا ٹورنامنٹ منعقد کیا جارہا ہے جس میں ہر صوبے سے ایک ایک ٹیم کھیلے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے گورنر سے مطالبہ کیا کہ وہ صوبائی ٹیم کی جانب سے اس ٹورنامنٹ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شامل ہو کر صوبائی ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں۔

گورنر نے اس موقع پر وفد کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی سے متعلق اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ گورنر نے کہا کہ وہ کھیلوں کے فروغ اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے گورنر ہاؤس میں ایوارڈ تقریب کا انعقاد کرنے جارہے ہیں جس میں باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو ایوارڈ دیے جائیں گے. انہوں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا انکے ایجنڈے میں شامل ہے۔