جس جرگے کی محمود خان اچکزئی بات کرتے وہ پارلیمنٹ ہے،طلال چوہدری

اگر کوئی چاہتا ہے کہ بات چیت ہو تو اسپیکر کی میز پر آنا ہو گا،وزیرمملکت برائے داخلہ کی گفتگو

منگل 12 اگست 2025 20:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہاہے کہ جس جرگے کی محمود خان اچکزئی بات کرتے ہیں یہ پارلیمنٹ وہی جرگہ ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ جرگے کی ہی ایک شکل ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے اسی گرین ڈائیلاگ کیلئے میز پر بٹھایا تھا، قومی ڈائیلاگ سے پی ٹی آئی یک طرفہ اٹھ کر چلی گئی تھی۔

طلال چوہدری نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ ایک دن انہیں اسی مذاکراتی میز پر واپس آنا ہے، اگر کوئی چاہتا ہے کہ بات چیت ہو تو اسپیکر کی میز پر آنا ہو گا، وزیر اعظم کہہ چکے ہیں کہ اگر آپ نہیں آنا چاہتے تو میں خود چل کر اسپیکر کے پاس آؤں گا۔انہوں نے کہا کہ ڈائیلاگ ہونا چاہیے لیکن کس چیز پر ہونا چاہیے یہ اہم ہے، ڈائیلاگ کسی کی ذات پر ہو گا یا پاکستان پر ہو گا یہ اہم ہے، پاکستان کے ایشوز دہشت گردی اور عام آدمی کی زندگی کے معاملات ہیں۔

(جاری ہے)

وزیرِ مملکت برائے داخلہ نے کہاکہ گرین ڈائیلاگ پاکستان تحریک انصاف خود چھوڑ کر گئی، اگر وہ ڈائیلاگ پر یقین رکھتے ہیں تو اسپیکر کی اس آفر کی طرف دوبارہ لوٹیں، بے شک ایک رکن کی پارٹی ہو، اسپیکر ان سب کو ڈائیلاگ میں شامل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن یہ معاملہ اسپیکر کے سامنے رکھے کہ کس فرد کو ڈائیلاگ میں شامل کیا جائے، اسی پارلیمان سے ہی ممبران کو اس ڈائیلاگ کے عمل میں شامل کیا جائے۔طلال چوہدری نے کہاکہ اگر معاملات آگے بڑھانے ہیں تو بات ہونی چاہیے، مذاکرات کا مرکز پاکستان اور پاکستان کی ترقی ہونا چاہیے۔