بیلجیم کے سفیر کی مشیر چیئرمین سینیٹ مصباح کھر سے ملاقات ، بین الاقوامی پارلیمانی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

منگل 12 اگست 2025 20:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر نے منگل کوبیلجیم کے پاکستان میں تعینات سفیر، مسٹر چارلس-ایدسبالڈ وان ڈیر گراخت ڈی رومرزویل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے، بین الاقوامی تعاون کے نئے مواقع اور آئندہ عالمی پارلیمانی فورمز میں شمولیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مصباح کھر نے بیلجیم کے سفیر کو انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی)کے اغراض و مقاصد اور وژن سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ایک نیا اور متحرک عالمی پلیٹ فارم ہے جو دنیا بھر کی پارلیمانوں کے مابین تعاون اور روابط کے فروغ کے لیے تشکیل دیا گیا ہے،اس وقت 45 مختلف ممالک کے پارلیمانی اسپیکرز اس پلیٹ فارم کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ملائشیا میں منعقدہ انتخابات میں چیئرمین سینیٹ پاکستان، معزز سید یوسف رضا گیلانی کو متفقہ طور پر اس تنظیم کا پہلا صدر منتخب کیا گیا، جو عالمی پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ میں پاکستان کی فعال قیادت کا ثبوت ہے۔

ملاقات میں بیلجیم کے سفیر کو 11 اور 12 نومبر 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے آئندہ آئی ایس سی اجلاس کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا، جس میں کانفرنس کے ایجنڈے، مجوزہ سیشنز، موضوعاتی ترجیحات اور دنیا بھر سے اعلیٰ سطحی وفود کی متوقع شرکت پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ مصباح کھر نے بیلجیم کے سفیر کو ائی ایس سی کانفرنس کے لیے دعوت نامہ بھی پیش کیا تاکہ ان کے پارلیمانی وفد اس اعلیٰ سطحی کانفرنس میں شرکت کر سکیں محترمہ مصباح کھر نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کانفرنس دنیا کے پارلیمانی رہنماؤں کو ایک ایسا موثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی جہاں امن، کثیر الجہتی تعاون اور پائیدار ترقی جیسے اہم عالمی مسائل پر سیر حاصل تبادلہ? خیال ہو سکے گا اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قابل عمل حکمت عملیاں تیار کی جا سکیں گی۔

دونوں فریقین نے پاکستان اور بیلجیم کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور عوامی روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر سینیٹ کے سینئر ڈائریکٹر جنرل طارق بن وحید بھی موجود تھے۔