وزیر خزانہ اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی زیر صدارت ایف سی ڈی او ریمٹ پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس

کمپلائنس رسک مینجمنٹ ، ایف بی آر میں ٹیکس دہندگان کیلئے سہولیات بہتر بنانے کے اقدامات ،وہ ریگولیٹری و ٹیرف اصلاحات کی تعریف

منگل 12 اگست 2025 20:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس (ایف سی ڈی او)کے ریونیو موبلائزیشن، انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (ریمٹ)پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کی۔

اجلاس میں وزارت خزانہ،ایف بی آر، وزارت تجارت، دیگر متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے سینئر حکام، برطانوی ہائی کمیشن اور ایف سی ڈی او کے نمائندے شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران ریمٹ پروگرام کے تحت مختلف اقدامات پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی گئی جن میں آئی ایم ایف کے اہداف پر عمل درآمد کے لیے تکنیکی معاونت، جی ایس ٹی ہم آہنگی، صوبوں میں موسمیاتی و آفات سے متعلق بجٹ ٹیگنگ، صوبائی سطح پر ریگولیٹری اصلاحات، تجارت کی آزادی، صنعتی پالیسی اور معاشی اصلاحات کی موثر ابلاغی حکمت عملی شامل تھیں۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے ٹیکس، سرمایہ کاری، تجارت اور مجموعی معیشت کے شعبوں میں اصلاحات کی پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے بالخصوص کمپلائنس رسک مینجمنٹ اور ایف بی آر میں ٹیکس دہندگان کے لیے سہولیات بہتر بنانے کے اقدامات اور وہ ریگولیٹری و ٹیرف اصلاحات کی تعریف کی جو پاکستان کی معاشی ترقی میں مددگار ثابت ہوں گی۔ وزیر خزانہ نے زور دیا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مختصر، درمیانی اور طویل مدتی مربوط حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ایک سازگار اور سہل ریگولیٹری ماحول قائم کرنا مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار عموما کم ٹیکس شرح، سستی توانائی، مناسب مالیاتی سہولیات اور معاون ریگولیٹری ڈھانچے کو ترجیح دیتے ہیں۔ حکومت ٹیکس، توانائی اور مالیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پرعزم اقدامات کر رہی ہے تاہم ریگولیٹری اصلاحات ایک ایسا شعبہ ہے جو مکمل طور پر ہمارے اپنے اختیار میں ہے اور اسے عزم، محنت اور خلوص نیت سے باآسانی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

جین میریٹ نے پاکستان کے معاشی اصلاحاتی اہداف کے حصول میں برطانوی حکومت کی مکمل حمایت کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ ریمٹ پروگرام وفاقی و صوبائی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر مالیاتی، تجارتی اور سرمایہ کاری سے متعلق اصلاحات کو آگے بڑھانے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریمٹ پروگرام کے تحت تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ پاکستان کی معاشی بنیادوں کو مزید مستحکم بنایا جا سکے اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحات کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔