غزہ میں شہید ہونے والے صحافیوں کی غائبانہ نماز جنازہ اور احتجاجی مظاہرہ

منگل 12 اگست 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء) لاہورپریس کلب میں اسرائیل کی جانب سے صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئر نائب صدر افضال طالب ، نائب صدر صائمہ نواز ، جنرل سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ، فنانس سیکرٹری سالک نواز ، ممبر گورننگ باڈی سید بدر سعید ، شاہدہ بٹ ، رانا شہزاد سمیت ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

صدر ارشد انصاری نے اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں ، اب تک 300 سے زائد صحافی اسرائیلی بربریت کا نشانہ بن چکے ہیں اس کے باوجود ہم یہ عزم کرتے ہیں کہ اسرائیل کا بھیانک اور مکروہ چہرہ دنیا کو دکھاتے رہیں گے ، اسرائیلی مظالم ہمارے قلم اور کیمروں کو نہیں روک سکتے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جنرل سیکرٹری زاہد عابد ، سینئر صحافی سلمان غنی اور امجد عثمانی نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے شہید ہونے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی مظالم کا نوٹس لیں ۔

قبل ازیں اسرائیلی مظالم سے شہید ہونے والے غزہ کے شہدااورصحافیوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ پاکستان علماایسوسی ایشن کے مرکزی صدر اور بانی خانیہ ویلفیئر آرگنائزیشن صوفی محمد جمیل نے غائبانہ نمازجنازہ پڑھائی۔