حکومت نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے تحت نوجوانوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں

منگل 12 اگست 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے تحت نوجوانوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے ۔ منگل کو نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں کام کر رہی ہے، یہ وہی حکومت ہے جب شہباز صاحب وزیر اعلی پنجاب تھے تو انہوں نے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے پاکستان کی پہلی یوتھ پالیسی تشکیل دی۔

نوجوانوں کیلئے لیب ٹاپ سکیم کا اجراء کیا،انہیں سکالرشپس دیں، ہرشعبے میں نوجوانوں کو باوقار طریقے سے اپنی زندگیاں بنانے کا موقع دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے ذریعےان نوجوانوں کو آئندہ بھی چاہے وہ اے آئی،آئی ٹی ،ٹیکنیکل ایجوکیشن یاکھیل کا میدان ہو، ہر میدان میں ہم آپ کو میرٹ کی بنیاد پر آگے آنے کے مواقع دیں گے۔

آپ لوگ اپنے ٹیلنٹ کی بنیاد پر آگے آنے کی جدوجہد کرتے رہیں اور اس سال کا موضوع پائیدار ترقیاتی اہداف اور اس سے آگے ہے، حکومت پاکستان نوجوانوں کیلئے پائیدار ترقیاتی اہداف پر کام کر رہی ہےاور ان اہداف کو حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی یوم نوجوانان پر ہم نوجوانوں کے لیے دو نئے اقدامات کا آغاز کر رہے ہیں۔لیپ ٹاپ فار آل سکیم کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر بلاسود لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ بیرون ملک جانے کے خواہشمند نوجوان جس کو ورک پرمٹ اور ملازمت مل جاتی ہے، اس کو وزیراعظم یوتھ لون سکیم کے تحت 10 لاکھ روپے تک کابلاسود قرضہ ملے گا تاکہ وہ اپنی ٹکٹ خریدنے سمیت دیگر اخراجات پورے کر سکے اور یکسوئی کے ساتھ کام کر سکے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے ہم دن رات کوشش کر رہے ہیں، ہم اپنے نوجوانوں کے لیے پاکستان کی پہلی نیشنل ایڈولسنٹ یوتھ پالیسی تشکیل دے رہے ہیں ، اس کے اندر 10 سے 15 سال، 15 سے 19 سال اور 19 سے 29 سال کے بچے بچیوں کے مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے فور ایز ایجوکیشن، ایمپلائمنٹ ،انگیجمنٹ اور انوائرنمنٹ کی بنیاد پر ہم نے ڈیجیٹل یوتھ ہب کا اجراء کیا ہے۔اس پر پانچ لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں، تقریباً 17 لاکھ اس کو ڈائون لوڈ کر چکے ہیں، ملک اور بیرون ملک بڑی تعداد میں نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان حوصلے بلند رکھیں، یہ پاکستان اب آگے جائے گا، ہر آنے والے دن پاکستان کی عزت میں اضافہ ہو رہا ہے، نوجوانوں کے لیے نئے سے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔