محکمہ کھیل کی جانب سے اسپورٹس فیسٹیول جاری،تھرو بال گرلز چیمپئن شپ کا انعقاد

منگل 12 اگست 2025 22:50

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) لاڑکانہ میں محکمہ کھیل کی جانب سے اسپورٹس فیسٹیول جاری ہے۔ فیسٹیول کے چوتھے دن ایم اے کھڑو اسپورٹس کمپلیکس لاڑکانہ میں تھرو بال گرلز چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا۔کھیل اور امورِ نوجوانان سے متعلق صوبائی سیکرٹری کھیل سندھ منور علی مہیسَر کی سرپرستی میں ضلعی اسپورٹس آفیسر لاڑکانہ محمد محفوظ مکانی نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور روایتی تحفہ اجرک پیش کیا۔

اس موقع پر محمد محفوظ مکانی نے کہا کہ محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان سندھ کی جانب سے لاڑکانہ میں 14 اگست جشنِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں تھرو بال گرلز چیمپئن شپ منعقد کی گئی، جس کا فائنل میچ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج لاڑکانہ اور آئی بی اے پبلک اسکول لاڑکانہ کے درمیان ہوا۔

(جاری ہے)

گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی ٹیم نے فائنل میچ 21 پوائنٹس سے جیت کر چیمپئن شپ کا اعزاز حاصل کیا جبکہ تیسری پوزیشن سچل اسکول لاڑکانہ نے حاصل کی۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی میڈم انیلا ابڑو، سینئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج لاڑکانہ نے ونر ٹیم اور دیگر ٹیموں کو ٹرافیاں اور انفرادی انعامات دیئے اور مبارکباد پیش کی۔ اعزازی مہمانوں میں ڈاکٹر بینش چانڈیو بھی موجود تھیں۔تقریب کے اختتام پر تمام کھلاڑیوں مہمانِ خصوصی اور دیگر مہمانوں نے جوش و جذبے کے ساتھ "پاکستان زندہ باد" اور "پاک فوج زندہ باد" کے نعرے لگائے اور قومی ترانہ و ملی نغمے بھی پیش کیے۔