چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون کا سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام

منگل 12 اگست 2025 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق ظہرانہ میں وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سید نوید قمر،ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ،عامر ڈوگر،فتح اللہ خان،ریاض فتیانہ،شرمیلا فاروقی،اظہر خان لغاری نے شرکت کی۔

اجلاس میں مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کے تسلسل، اور پارلیمانی اقدامات کو مزید موثر بنانے کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں حالیہ پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے برطانیہ کے دورے اور اس کے مثبت اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔

(جاری ہے)

اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ اس دورے کے دوران عالمی برادری میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف کو موثر انداز میں پیش کیا گیا اور اس سفارتی کامیابی کو مستقبل میں مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

سپیکر اور شرکائے اجلاس نے اس عزم کو دہرایا کہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو تمام قومی و بین الاقوامی فورمز پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔