جماعت اسلامی یوتھ ونگ ،14اگست کو ’’پاکستان زندہ باد‘‘ ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا ‘جاوید قصوری

بدھ 13 اگست 2025 16:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے زیر اہتمام 14اگست یوم آزادی کی مناسبت سے پنجاب وسطی کے تمام اضلاع میں ’’پاکستان زندہ باد‘‘ ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا،پاکستان کی آزادی اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ کسی بھی نعمت سے کم نہیں ہے اور اس پر اللہ کا جتنا بھی شکر گزار ہوا جائے کم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں اور یہ سب ہمارے اسلاف کی قربانیوں کا ثمر ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی پر خلوص قیادت، تحریکِ آزادی کے اکابرین اور قائد کے جانثار ساتھیوں کی انتھک محنت اور بر صغیر کے مسلمانوں کے اتحاد و اتفاق کی بدولت پاکستان معرض وجود میں آیا۔

(جاری ہے)

14اگست 1947 کا دن مسلمانان برصغیر کیلئے ایک ایسا تاریخی دن ہے جس نے دو قومی نظریہ کی بنیاد پر پاکستان کا قیام عمل میں لا کر پوری دنیا پر واضح کر دیا کہ ہندو اور مسلمان دو الگ الگ قومیں ہیں۔ ان کے افکار و نظریات الگ الگ ہیں ،ان کا رہن سہن الگ الگ ہے، تہذیب و تمدن الگ الگ ہے۔یہ سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جب ایک آزاد اور خودمختار ریاست کا خواب حقیقت میں بدلا۔

یہ دن صرف جشن کا موقع نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کا پیغام لیے ہوئے ہے، جو ہمیں ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو پاکستان کے قیام کے پس منظر سے پوری طرح روشناس کرانے کی ضرورت ہے کہ کیوں14 اگست 1947کو اسلام کا قلعہ پاکستان دو قومی نظریہ کی بنیاد پر دنیا کے نقشے پر معرضِ وجود میں آیا۔ دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ ارض پاک کے قیام کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی بے شمار قربانیاں پیش کیں۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ بطور آزاد قوم ہمارا یہ نصب العین ہونا چاہیے کہ ہم کسی بھی طرح کی گروہ بندی، فرقہ واریت، لسانی یا صوبائی اختلافات میں نہ پڑیں اور بانی پاکستان نے قوم کو اتحاد، ایمان اور تنظیم کا درس دیا ا س پر کاربند رہیں۔ قوموں کی تعمیر و ترقی،بے دریغ قربانیوں اور قومی یکجہتی کے بغیر ممکن نہیں۔