سرینگر،لبریشن فرنٹ کی یاسین ملک کے گھر پر چھاپے کی مذمت

بھارت آزادی پسند قیادت کو نشانہ بنانے کے لیے ’’ایس آئی اے‘‘کا استعمال کر رہاہے، ڈی ایف پی

بدھ 13 اگست 2025 16:48

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں لبریشن فرنٹ نے پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک کے گھر پر سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی کے چھاپے اور انکی معمر والدہ اور بہن کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ محمد یاسین ملک نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لبریشن فرنٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے ایس آئی اے کو آزادی کے حامی رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے لیے کئی دہائیوں پرانے فرضی مقدمات کو دوبارہ کھولنے کا کام سونپا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ محمد یاسین ملک کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ تنظیم نے یاسین ملک کے خلاف مودی حکومت کی ایما پر دلی ہائیکورٹ کے اقدامات کو مسترد کر دیا اور مقبوضہ علاقے میں بھارت کے غیر انسانی اور جارحانہ اقدامات کو بے نقاب کرنے کے لیے مقامی اور عالمی سطح پر اپنی مہم کو تیز کرنے کا عزم کیا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ بھارت جبر کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے پر تلا ہوا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہے گا۔دریں اثنا، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے بھی یاسین ملک کے گھر اور دیگر حریت کارکنوں کی رہائش گاہوں پر ایس آئی اے کے چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے ان کے اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا۔ ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے کہا کہ بھارت اپنی نام نہاد تفتیشی ایجنسیوں کو آزادی کی حامی قیادت کو ڈرانے اور ان کی تذلیل کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔