پاکستان ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا،قاسم علی شاہ

بدھ 13 اگست 2025 17:19

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے سماجی بہبود و ترقی خواتین سید قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا،اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اسے حقیقی معنوں میں ایک اسلامی، فلاحی اور جمہوری ریاست میں تبدیل کریں۔ وہ یوم آزادی اور ''معرکہ حق'' کے سلسلے میں اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس مردان میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

کمپلکس پہنچنے پر خصوصی بچوں نے مہمانِ خصوصی کا پرتپاک استقبال سے کیا اورانہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس نذیر شاہ نے استقبالیہ کلمات میں دن کی اہمیت اور میٹرک کے حالیہ امتحان میں طلباء و طالبات کی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں سیکرٹری ٹو کمشنر مردان فضل واحد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محترمہ حنا خان اور محکمہ کے موجودہ اور سابق افسران کے علاوہ خصوصی بچوں اور والدین نے بھی شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس مردان کو اپ۔گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں خصوصی افراد کے لیے ایسے کمپلیکس قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر خصوصی طلباء و طالبات کو انشورنس کارڈ دئیے جائیں گے جس کے تحت تعلیم سے فراغت کے بعد ان کو ایک معقول رقم ملے گی۔سید قاسم علی شاہ نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم ترقی کی کنجی ہے۔

یہ ملک ہمارے آبا ؤ اجداد کی طرف سے ہمیں سونپی گئی ایک امانت ہے، اور ہمیں قانون کی حکمرانی اور آئینی بالادستی کے ذریعے اس کی حفاظت کرنی چاہیے۔ انہوں نے ملک بھر میں سکول نہ جانے والے بچوں کی بڑی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا اور بتایا کہ سندھ میں 44 فیصد، پنجاب میں 34 فیصد اور خیبر پختونخوا میں 30 فیصد بچے سکول سے باہر ہیں، حالانکہ وسائل کی کمی کے باوجود خیبر پختونخوا کی شرح سب سے کم ہے۔

ضلعی آفیسر سماجی بہبود شعیب خان نے وزیر موصوف،مہمانوں اور شرکاء کا تقریب میں شرکت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر میٹرک امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ان امتحانات میں ملائکہ بی بی نے 1035 نمبرز کے ساتھ پہلی پوزیشن، حمزہ نے 1025 نمبرز کے ساتھ دوسری جبکہ عدنان شاہ نے 1001 نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ صوبائی وزیر نے مون سون شجرکاری مہم اور یوم آزادی کے سلسلے میں اس موقع پر کمپلیکس کے احاطے میں ایک پودا بھی لگایا۔