ٹنڈومحمدخان ،بجلی چوری پر کنٹرول سے عوام لوڈشیڈنگ سے محفوظ رہ سکتی ہے، بجلی چوری پر کنٹرول کے لئے انتظامیہ کا ساتھ دیں، ڈپٹی کمشنر

بدھ 13 اگست 2025 20:35

ٹنڈومحمدخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان دھرمو باوانی نے کہا کہ بجلی لوڈشیڈنگ پر کنٹرول کرنے کے لیے ہمیں بجلی چوروں کی نشاندہی کرنی ہوگی، بجلی چوروں کی وجہ ہزاروں افراد کو لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بجلی چوری پر کنٹرول مشن میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حسیکو آپریشن ڈویژن ٹنڈومحمدخان میں جشنِ آزادی معرکہ حق کے حوالے سے شجرکاری مہم کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پر حیسکو ڈویژن آپریشن محمد ابراہیم کیریو، حیسکو افسران، سرکاری محکموں کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان دھرمو باوانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شجرکاری کا مقصد نہ صرف ماحولیاتی بہتری اور سبز پاکستان کی تعمیر ہے بلکہ عوام میں شجرکاری کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ ایک درخت لگانا آنے والی نسلوں کے لیے صاف فضاء اور بہتر مستقبل کی ضمانت ہے، اس لیے ہر فرد کو اس مہم کا حصہ بننا چاہیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر محمد ابراہیم کیریو نے معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو پاک فوج اور فیلڈ مارشل سید آصف منیر پر فخر ہے ، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بجلی چوری سے گریز کریں اور بجلی کے بل وقت پر ادا کریں۔

انہوں نے بتایا کہ سی ای او کی ہدایت پر ایک نیا پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت ہر ڈویژن میں 4،4 فیڈرز پر لوڈشیڈنگ ختم کی جائے گی، تاہم یہ تب ہی ممکن ہے جب بجلی چوری کا خاتمہ اور بقایاجات کی مکمل وصولی یقینی بنائی جائے، تقریب کے اختتام پر شرکاء نے یومِ آزادی اور سبز پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مزید شجرکاری کا اعادہ کیا۔\378