پاکستان کلمہ کی بنیاد پرلاکھوں شہداء کی قربانیوں کے بعد معرض وجودمیں آیا، حاجی حنیف طیب

بدھ 13 اگست 2025 22:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)نظام مصطفی پارٹی کا1500سوسالہ جشن عیدمیلاد النبی ﷺ،پاکستان کی78ویں جشن آزادی کی تیاریوں کے سلسلے میںاورغزہ میں اسرائیلی درندگی اورقبضہ کرنے کاناپاک عزائم کی مذمت کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس کی صدارت پارٹی چیئرمین سابق وفاقی وزیرپیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب نے کی۔

اجلاس میں شبیر احمدقاضی،عبدالقدیرشریف،تاج الدین صدیقی،پروفیسرسیدنثارعلی،محمداحسان صدیقی،عظیم الدین فاروقی،مبین بھٹی،میاں ضیاء المصطفیٰ قادری،محمدسلمان رفیع، فصیح قادری،رضوان منگی،منظوراحمد،فہیم داؤدخان،عمران شفیق،سیدعارف ریاض،شکیل احمدقادری،فارق میمن،احمدخان،محمدعلی،صالح محمد،شفیق الدین،محمدزبیر ہارون،محمدمختارقادری،فضل الرحمان،،فرازصدیقی ودیگر موجودتھے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حاجی حنیف طیب نے پاکستان کی78ویں جشن آزادی کی قوم کو مبارک بادپیش کی اورپیغام دیاکہ اللہ تعالیٰ کاجتنا شکر اداکریں کم ہے کہ نظام مصطفی ﷺکے نفاذ کیلئے لاکھوں شہداء کی قربانیوں کے بعد پاکستان معرض وجودمیں آیابرطانیہ تویہ کہتاتھاکہ یہ پاکستان کابننادیوانوں کا خواب ہے لیکن الحمدللہ علماء ومشائخ اورمجاہدوںقائداعظم محمدعلی جناح اوراُن کے رفقاء نے جدوجہدکی بدولت پاکستان بنایا۔

حاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ پاکستان اللہ تعالیٰ کا انعام اوراولیاء کرام کا فیضان ہے اس ملک میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں بے شمارنعمتیں عطافرمائی یوم آزادی کے دن پاکستان کی مضبوطی وسلامتی کیلئے عہد کریں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو مضبوط ومستحکم بنانے کیلئے حکمرانوں،افسرشاہی کی کرپشن کا خاتمہ،سودی نظام اوربے حیائی کا خاتمہ،بھتہ خوری،لوٹ مارکے خاتمہ ،ملکی حفاظت اورسلامتی کیلئے اورشرعی قوانین کے نفاذ کیلئے اپنی جدوجہد کو جاری رکھنے کاعہدکرناہوگا۔

اجلاس میں یہ طے گیا کہ خاتم النبین رحمة اللعالمین حضرت محمدمصطفی ﷺکی ولادت باسعادت کا1500واںسال انتہائی عقیدت واحترام قومی یکجہتی کے ساتھ منایاجائے گا یکم ربیع الاول سے 12ربیع الاول تک مسلسل محافل میلاد،درودوسلام اورسیرت طیبہ کے مختلف پہلووں پر کانفرنسز،چراغاں، پرچم کشائی کااہتمام کیاجائے گا۔اجلاس میں حکومت پاکستان سے اپیل کی گئی وہ رحمة اللعالمین کا 1500سوسالہ جشن ولادت بین الاقوامی سطح پر منانے کااعلان کرے۔

اس کے علاوہ قومی سطح پر بھی 3روزہ عالمی 1500سوسالہ میلاد کانفرنس پاکستان کے بڑے شہروں میں منعقد کی جائے ملک میں موجودسفیروں، دانشوروں،علمائے کرام،مذہبی اسکالر مدعوکیاجائے اوردنیا کو سرکاردوعالم ﷺکی سیرت پاک کے مختلف پہلوسے روشناس کرایاجائے اور قومی سطح پر عہد کیا جائے کہ پاکستان کلمہ کی بنیادپر نظام مصطفی ﷺکے نفاذ کیلئے بنایاگیاتھا اس مقصدکو پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے گاتعلیم ،صحت ،عدلیہ سمیت ہرشعبہ میں رحمة العالمین ﷺکے دیئے ہوئے ضابطہ حیات کواپنایاجائے گا۔

نظام مصطفی پارٹی کے اجلاس میں موجودشرکاء نے غزہ پرصہیونی قبضے کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اس اقدام کا خیرمقدم کیاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں193میں سے 143رکن ممالک نے ایک قراردادکے حق میں ووٹ دیاجس میں فلسطین کوایک ریاست کے طورپرتسلیم کیاجائے۔حاجی حنیف طیب نے کہاکہ خطے میں قیام امن کا واحد حل مسئلہ فلسطین اوربیت المقدس پر اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ختم کرکے فلسطین کو آزادریاست کاقیام ممکن بناناہے،اسرائیل کا ناپاک وجودختم کیاجاناچاہئے قابض اسرائیل نے فلسطینیوں کوہرقسم کے قانونی،سیاسی،معاشی اورمعاشرتی حقوق سے محروم کررکھاہے اقوام متحدہ کے 193ارکان ممالک میں143ممالک کا فلسطین کو ایک آزادریاست کے طورتسلیم کرنامثبت قدم ہے انہوںنے دنیا کے دیگر ممالک جنہوںنے ابھی تک فلسطینی ریاست کو تسلیم نہیں کیا اُن سے اپیل ہے کہ وہ بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں اجلاس میں ان تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں ہنگامی بنیادوںپرامن قائم کرنے کے ساتھ فوری طورخوراک،ادویات علاج معالجہ دویگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کویقینی بنائے ۔