ملک کی حفاظت کے لیے بھی ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، مزدور یونین

بدھ 13 اگست 2025 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)کراچی کے سوک سینٹر میں کے ڈی اے مزدور یونین کے زیرِ اہتمام ایک شاندار جلسہء اظہارِ تشکر کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونین کے قائدین،افسران، کارکنان، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ تقریب اس عزم و جذبے کا منہ بولتا ثبوت تھی کہ پاکستان کے ہر شہری کو ملک کی سالمیت اور ترقی کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔

جلسہ کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد قومی ترانے نے فضا کو پرجوش کر دیا۔ کیک کاٹنے کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں ملک کی 78ویں سالگرہ کا جشن منایا گیا اور شرکاء نے مل کر پاکستان کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کے ڈی اے مزدور یونین کے چیئرمین عبدالمتین شیخ نے اپنی تقر یر میں کہاکہ ہماری مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہء حق جشنِ آزادی میں ہماری قوم نے ثابت کر دیا کہ ہم نہ صرف اپنے حقوق کے لیے پرعزم ہیں بلکہ ملک کی حفاظت کے لیے بھی ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ بھارت کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی کیونکہ پاکستان ہماری پہچان، ہمارا ایمان اور ہماری غیرت ہے۔چیئرمین نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں قوم کو وحدت، اتحاد اور یکجہتی کے جذبے سے سرشار ہو کر چلنا ہوگا تاکہ تمام اندرونی و بیرونی خطرات کا مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے مزدوروں، نوجوانوں اور تمام طبقوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں۔جلسے میں صدر غلام نبی شاہ، عتیق الرحمٰن، محمد انور شیخ، جنرل سیکریٹری سید دلشاد حسین اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے اپنے اندر حب الوطنی، ایمانداری اور محنت کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا۔

ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔تقاریر میں یہ بھی بتایا گیا کہ ''معرکہء حق جشنِ آزادی'' اور ''آپریشن بنیان مرصوص'' جیسے اقدامات قوم کی جرات، استقامت اور خود اعتمادی کا مظہر ہیں جن سے دشمن کو واضح پیغام گیا ہے کہ پاکستان کی ہر گلی، ہر شہر اور ہر کارکن ملک کی حفاظت کے لیے تیار ہے۔تقریب میں شرکاء نے مل کر ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے نعرے لگائے اور بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔

آخر میں اجتماعی دعا کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔کے ڈی اے مزدور یونین نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں سیکورٹی اقدامات کو مزید مضبوط کیا جائے، اور تمام مارکیٹوں، کاروباری مراکز اور اہم مقامات پر فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ عوام اور تاجروں کو تحفظ ملے۔