پاکستان بھارتی جبر کا شکار کشمیریوں کی امیدوں کا مرکز ہے، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ

بدھ 13 اگست 2025 22:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے پاکستان کے عوام اور حکومت کو’’ یوم آزادی‘‘ کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مملکت خداداد بھارتی تسلط سے آزاد ی کی جدوجہد میں مصروف کشمیری عوام کی امیدوں کا مرکز ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ، سینئر رہنمائوں محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، الطاف حسین وانی، شمیم شال، شیخ عبدالمتین، زاہد صفی، اعجاز رحمانی، زاہد اشرف ، امتیاز وانی ، حاجی محمد سلطان،سید منظور احمد شاہ ، الطاف احمد بٹ، شیخ عبدالماجد، اشرف ڈار ، جاوید احمد بٹ اور سید گلشن نے اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیری عوام کے دل پاکستانی عوام کے دلوں کیساتھ دھڑکتے ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت دونوں کے لازوال رشتوں کو ختم نہیں کرسکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک انمول تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے آپ کو مملکت خداداد کا حصہ سمجھتے ہیں اور وہ بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی کیلئے قربانیوں کی ایک عظیم تاریخ رقم کرر ہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے ایک فریق کے طور پرپاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی وکالت کی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنمائوں نے مزید کہا کہ14 اگست 1947 ایک تاریخی دن ہے جب پاکستان کا قیام عمل میں آیا اور دو قومی نظریے کی فتح ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارت میں مسلمانوں کی جو حالت زار ہے ، اس نے ثابیت کردیا ہے کہ پاکستان کے قیام کا مطالبہ بالکل بجا اور درست تھا ۔ حریت آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیوں ضرور رنگ لائیں گی اورپورا جموںوکشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔