شاہ محمود قریشی ، ڈاکٹر یاسمین راشد ، اعجاز چوہدری ، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان کے خلاف نو مئی واقعات کے مقدمات پر سماعت 18 اگست تک ملتوی

بدھ 13 اگست 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) اے ٹی سی لاہور نے شاہ محمود قریشی ، ڈاکٹر یاسمین راشد ، اعجاز چوہدری ، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان کے خلاف نو مئی واقعات کے مقدمات پر سماعت 18 اگست تک ملتوی کر دی۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنماوں شاہ محمود قریشی ، ڈاکٹر یاسمین راشد ، اعجاز چوہدری ، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان کے خلاف نو مئی کے واقعات میں کلمہ چوک پر کنٹینر اور مسلم لیگ (ن)کا دفتر جلانے سمیت پانچ مقدمات کا کوٹ لکھپت جیل میں ہونے والی سماعت اٹھارہ اگست تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وکلا کو پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے لاہور کی سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت زیر حراست رہنماوں کی حاضری مکمل کی گئی۔ زیر حراست رہنماوں میں شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید شامل ہیں۔ ملزمان کی جانب سے رانا مدثر عمر اور میاں علی عمار پیش ہوئے۔

پراسیکیوشن کے گواہان شہادت قلمبند کرانے کے لیے پیش ہوئے تاہم ملزمان کے وکلا گواہان پر جرح کے لیے پیش نہ ہوئے۔ معاون وکلا نے کارروائی موخر کرنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے تمام مقدمات پر سماعت 18اگست تک ملتوی کر دی اور وکلا کو آئندہ پیشی پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ مقدمات میں مسلم لیگ (ن)کا دفتر جلانے کے 2، نیشنل پارک گلبرگ اور کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کے 2 اور گلبرگ میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کا ایک مقدمہ شامل ہے۔

یہ مقدمات 9مئی کے جلاو گھیرا وواقعات کے بعد متعلقہ تھانوں میں درج کیے گئے جن میں دہشت گردی، بغاوت، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، غیر قانونی اجتماع اور عوام کو فسادات پر اکسانے کی دفعات شامل ہیں، جن میں دفعہ 7اے ٹی اے، 120-B، 124-A، 353، 186، 427، 435، 440، 148 اور 149 تعزیرات پاکستان شامل ہیں۔