الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام 78ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے پروقار تقریب

یہ آزادی قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت ،ہمارے آباؤ اجداد کی بے مثال قربانیوں کی وجہ سے حاصل ہوئی ہے،چیف الیکشن کمشنر موجودہ نسل کو آزادی کی قدر و قیمت سے آگاہ ہونا چاہیے، حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی جرات مندانہ اور موثر جوابی کارروائی کو سراہتے ہوں،خطاب

بدھ 13 اگست 2025 22:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ نے کہاہے کہ یہ آزادی قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت اور ہمارے آباؤ اجداد کی بے مثال قربانیوں کی وجہ سے حاصل ہوئی ہے،موجودہ نسل کو آزادی کی قدر و قیمت سے آگاہ ہونا چاہیے، حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی جرات مندانہ اور موثر جوابی کارروائی کو سراہتے ہوں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام 78ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ، ممبران کمیشن، افسران و ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پوری قوم کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک لازوال حقیقت ہے جو قیامت تک انشااللہ قائم و دائم رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ آزادی یوں ہی حاصل نہیں ہوئی، بلکہ یہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت اور ہمارے آباؤ اجداد کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے، لاکھوں افراد نے ہجرت کی، اپنا سب کچھ قربان کر کے اس سرزمین پر قدم رکھا،یہ قربانیاں ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ آزادی کی حفاظت اور اس کی قدر کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔انہوںنے کہاکہ موجودہ نسل کو آزادی کی قدر و قیمت سے آگاہ ہونا چاہیے، خاص طور پر جب ہم ہندوستان میں رہنے والے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور جبر کو دیکھتے ہیں تو دل غم سے بھر جاتا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی جرات مندانہ اور موثر جوابی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے، جس نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا۔ افواجِ پاکستان نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ،اور دشمن کو شکست فاش دی ۔ انہوں نے تینوں مسلح افواج اور فیلڈ مارشل عاصم منیر صاحب کو اس عظیم فتح پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس کامیابی کے بعد جشن آزادی کی خوشیاں دوبالہ ہوگئیں ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے ملک کی خاطر جامِ شہادت نوش کرنے والے فوجی جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا ہوگا۔