جامعہ کشمیر میں یوم آزادی کے موقع پر رنگارنگ تقریبات

دن کا آغازقومی و ریاستی پرچم کشائی سے ہوا،مرکزی تقریب میں ملی نغموں کے ساتھ یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا آزادی اللہ کی بڑی نعمت ہے ،اس کا شکر اور احترام ہماری ذمہ داری ہے،مدحت شہزاد،ندیم بخاری،سعادت ڈار،ظفراقبال کے خطابات

جمعرات 14 اگست 2025 14:47

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)آزادجموںوکشمیر یونیورسٹی مظفرآبادنے پاکستان کا یوم آزادی قومی جذبے ،ولولے اور اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا کہ ملک کی سلامتی کو استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریبات میں قومی یکجہتی اور تحریکِ آزادی کشمیر کے ساتھ گہرے عزم کا اظہار کیا گیا۔

دن کا آغاز ایڈمنسٹریشن بلاک میں قومی اور ریاستی پرچم کشائی سے ہوا، جو رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سعادت حنیف ڈار، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر واجد عزیز لون اور ڈائریکٹر فنانس پروفیسر ڈاکٹر محمد بشارت نے انجام دی۔ اس موقع پر اساتذہ، انتظامی عملے اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاکستان کی سلامتی، امن و ترقی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں مرکزی تقریب میں ملی نغمے، تقاریر اور کیک کاٹنے کی تقریب شامل تھی۔ مہمانِ خصوصی محترمہ مدحت شہزاد، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنرل) نے کہا کہ آزادی کی اصل قدر کو جاننے کے لیے آزاد جموں و کشمیر اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حالات زندگی کا موازنہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے آزادی کو اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا شکر اور احترام ہماری ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آزادی کے ساتھ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا بھی لازم ہے۔ انہوں نے جامعہ کشمیر کو اپنا’’دوسرا گھر‘‘قرار دیا اور کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ جامعہ کے لیے ہر وقت دستیاب رہیں گی۔ڈین فیکلٹی آف ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز، میرٹوریس پروفیسر ڈاکٹر سید ندیم حیدر بخاری نے کہا کہ اشرف المخلوقات کے لیے آزادی سے بڑی کوئی نعمت نہیں۔

انہوں نے ان افراد کی خدمات کو سراہا جو خاموشی سے ملک کے دفاع، ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرتے ہیں اور پاک فوج کی جرات و بہادری کوبھی خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت جنگ، عالمی سیاست اور خطے کی طاقت کے توازن میں ناکام رہا ہے جبکہ پاکستان آج بھی مضبوطی سے کھڑا ہے۔اس سے قبل رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سعادت حنیف ڈار نے تقریب کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ہمارے آبا و اجداد کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے، اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے تمام شہریوں کو پاکستان کے مستقبل کا شراکت دار قرار دیتے ہوئے پاک فوج کی معرکہ حق میں جرات و بہادری اور دشمن کے عزائم ناکام بنانے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔تقریب کی نظامت ایڈیشنل رجسٹرار سردار ظفر اقبال نے کی اور اختتام پر کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی۔