پاکستان ہی کشمیری عوام کی امیدوں اور خوابوں کا محور ہے،سردار امتیاز احمد عباسی

جمعرات 14 اگست 2025 17:18

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد سردار امتیاز احمد عباسی نے کہا ہے کہ آج کا مبارک دن ہماری قومی تاریخ کا اہم ترین سنگِ میل ہے، جس کے طلوع آفتاب نے برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی اور خودمختاری کی نوید سنائی۔ 14 اگست 1947 کو دنیا کے نقشے پر ایک نئی مملکت کا اضافہ ہوا جو بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناحؒ کی انتھک محنت، عزمِ صمیم اور تاریخی جدوجہد کا ثمر تھا۔

قائداعظم نے تحریک پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کر کے نہ صرف تاریخ کا دھارا موڑ دیا بلکہ برصغیر کی تقدیر بھی بدل دی۔وہ گزشتہ روز کشمیر گرلز کیڈٹ کالج سٹلائیٹ ٹاؤن لنگرپورہ مظفرآباد میں جشنِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہر کی سیاسی، سماجی اور علمی شخصیات کے علاوہ والدین اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

سردار امتیاز احمد عباسی نے کہا کہ نظری? پاکستان ہمارے ایمان، فکر اور روح میں رچا بسا ہے، اور پاکستان ہی کشمیری عوام کی امیدوں اور خوابوں کا محور ہے۔ ''پاکستان ہماری منزل ہے اور اس کے بغیر کشمیریوں کی شناخت اور نظریاتی تکمیل ممکن نہیں۔'' انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نظریاتی اور جغرافیائی دونوں حوالوں سے نامکمل ہے۔انہوں نے کہا کہ قراردادِ پاکستان کی منظوری کے بعد ریاست جموں و کشمیر کے مسلمانوں نے اپنی تحریک آزادی کو تحریک پاکستان سے جوڑ دیا تھا، اور آج بھی آزاد کشمیر کے باشعور عوام پاکستان کے ساتھ اپنے الحاق کو حتمی اور ناقابلِ تنسیخ قرار دیتے ہیں۔

بھارت طویل عرصے سے اس تعلق کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے لیکن اسے ہمیشہ ناکامی ہوئی ہے۔سردار امتیاز عباسی نے کہا کہ بھارت نے آئینی ترامیم کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت اور آبادیاتی ڈھانچے کو بدلنے کی کوشش کی، جس کی نہ صرف کشمیری عوام بلکہ عالمی برادری نے بھی بھرپور مذمت کی ہے۔ کشمیری عوام نے ان اقدامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور اپنی آزادی کی جدوجہد کو پہلے سے زیادہ عزم اور حوصلے کے ساتھ جاری رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم اپنے وطنِ عزیز پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہدِ آزادی کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔خطاب کے اختتام پر سردار امتیاز احمد عباسی نے کشمیر گرلز کیڈٹ کالج کے قیام کو ایک شاندار اور دوراندیشانہ قدم قرار دیتے ہوئے اس کی انتظامیہ، اساتذہ اور عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا، اور یقین دہانی کرائی کہ ضلع کونسل مظفرآباد اس ادارے کی ترقی اور سہولیات کی فراہمی میں بھرپور تعاون کرے گی۔