چئیرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کی پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد

جمعرات 14 اگست 2025 17:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) چئیرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ ہم پاکستان کو معاشی، فکری، اور دفاعی لحاظ سے ناقابلِ تسخیر بنائیں گے۔جمعرات کویومِ آزادی کے موقع پر اپنےخصوصی پیغام میں انہوں نے کہاکہ الحمدللہ! آج ہم بحیثیت قوم78واں یومِ آزادی منارہے ہیں ، یہ دن ہمیں نہ صرف قربانیوں کی یاد دلاتا ہے بلکہ اس عزم کی تجدید کا موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ ہم اس وطنِ عزیز کی ترقی، استحکام اور سالمیت کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ایک عظیم نعمت ہے، اور اس نعمت کے خلاف ہر روز سازشیں کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

آزادی کی اصل قیمت اگر جاننی ہو تو شام، عراق، لیبیا، مصر اور فلسطین کے مظلوم عوام سے پوچھی جائے، جن کے خون سے آج دنیا کا ضمیر جھنجھوڑا جا رہا ہے۔ ان خطوں کی تباہی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ آزادی کتنی قیمتی اور نازک نعمت ہے جس کی حفاظت ہر لمحہ لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری آزادی محض ایک زمینی حدود کا نام نہیں، بلکہ ایک نظریے، ایک سوچ، اور ایک عالمی پیغام کی نمائندہ ہے، ایسا پیغام جو مساوات، خودداری، اور مظلوموں کی حمایت پر مبنی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی نظریاتی بنیادیں دنیا بھر کے ان مظلوم طبقات کے لیے امید کی کرن ہیں، جنہیں طاقت کے ایوانوں میں آواز نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ آج بھی پاکستان کے خلاف بیرونی سازشیں جاری ہیں۔

ففتھ جنریشن وارکے ذریعے ہمارے ذہنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ہماری نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مگر ہمیں فخر ہے کہ پاکستان کے نوجوان آج بھی بیدار، باشعور، اور باحوصلہ ہیں۔ یہی نوجوان اس ملک کا اصل اثاثہ ہیں، جو پاکستان کو نہ صرف محفوظ رکھے ہوئے ہیں بلکہ دنیا میں اس کا روشن چہرہ بھی بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج الحمدللہ پاکستان فری لانسنگ، ای-کامرس، اور آئی ٹی کے میدان میں عالمی سطح پر نمایاں ہو رہا ہے۔

ہماری برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، ہماری نوجوان نسل دنیا کے جدید ترین شعبوں میں پاکستان کا پرچم بلند کر رہی ہے۔ یہ سب کچھ اس قوم کے زندہ جذبے اور نوجوانوں کی شبانہ روز محنت کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کے اس موقع پر، ہم اپنے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، اور اپنے نوجوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو اس ملک کا مستقبل ہیں۔ آئیے ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ ہم پاکستان کو معاشی، فکری، اور دفاعی لحاظ سے ناقابلِ تسخیر بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل ہمارے نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے — اور ان ہاتھوں میں یقین، عزم اور صلاحیت کی طاقت ہے۔پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے۔