مظفرگڑھ ،یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے،اس کی حفاظت ہماری ذمہ واری ہے،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 14 اگست 2025 17:00

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) 78 ویں جشن آزادی اور معرکہ حق کی مرکزی تقریب ڈی سی آفس میں منعقد کی گئی،ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ، ممبران صوبائی اسمبلی محمد اجمل خان چانڈیہ، عون حمید ڈوگر اور ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ نے پرچم کشائی کی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔مولانا عبدالمعبود آزاد نے ملک کی سلامتی اور ترقی کےلئے دعا کرائی۔

اللہ والے چوک پر سبز اور سفید رنگ کے غبارے فضا میں چھوڑے گئے،ضلع کونسل ہال میں سکول کے طلباء و طالبات نے ملی نغمے ، ٹیبلو ، قومی ترانے اور تقاریر پیش کئے۔ تقریب سے ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ، ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ اور ایم پی اے محمد اجمل خان چانڈیہ نے خطاب کیا۔ ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت کی مطابق ضلع بھر میں 14 روزہ جشن آزادی اور معرکہ حق تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

معرکہ حق نے پاکستان کو عالم اقوام میں عزت سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ اب دنیا کی کوئی طاقت نہیں جو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ سکے۔ پاک فوج نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات ہندوستان کی غرور خاک میں ملایا۔ ہماری افواج نے یہ ثابت کردیا کہ ہماری سرحدیں، فضا اور سمندر محفوظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہم نے بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا ہے ، اسکی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس ملک سے پیار کریں اس کے جھنڈے میں مقناطیسی کشش ہے اس کو دل کےساتھ لگایا کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ نے کہا کہ آج طلباء کی پرفارمنس نے1947 کی یاد کو تازہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج اللہ کاشکر ادا کرنے کا دن ہے جس نے ہمیں آزاد وطن عطا کیا۔ اس ملک میں ہم اپنے تمام خواہشات ، آرزویں اور تمنائیں پوری کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن فخر کا دن بھی ہے کہ پاک فوج نے پوری قوم کے ساتھ ملکر اس آزادی کا تحفظ کیا ہے۔پارلیمانی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن و ممبر صوبائی اسمبلی محمد اجمل خان چانڈیہ نے کہا کہ آج کا جشن آزادی تاریخی طور پر بڑا اہم ہے کہ معرکہ حق کی وجہ سے اس ملک کو تحفظ یقینی بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک فوج اور پوری قوم دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئی تھی۔

ریاست کی باگ دوڑسنبھالنے والے سیاست دانوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔انہوں نے کہا کہ ابھی اس ملک پاکستان کی عمر 78 برس ہے لیکن کسی بھی شعبہ میں دشمن ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتا ۔ ملک کی باگ دوڑ اس وقت ترقی پسند قیادت کے ہاتھ میں ہے۔ممبر صوبائی اسمبلی محمد اجمل خان چانڈیہ نے کہا کہ ہماری سپر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف جس طرح صوبہ پنجاب میں پرفارم کررہی ہیں اس کی مثال نہیں ملتی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے تقریب میں شریک بچوں میں پاکستان کے پرچم اور پرچم والی ٹوپیاں تقسیم کیں اور بچوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں ۔بعد ازاں ضلع کونسل سے ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ۔\378