14اگست صرف ایک تاریخی دن ہی نہیں، ہماری قربانیوں، اتحاد اور عزم کی علامت ہے،سمیرا جاوید

جمعرات 14 اگست 2025 17:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) خلق خدا ویلفیئر ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن سمیرا جاوید نے کہا ہے کہ 14اگست صرف ایک تاریخی دن ہی نہیں، ہماری قربانیوں، اتحاد اور عزم کی علامت ہے۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات اظہار انہوں نے کراچی جیم خانہ میں خلق خدا ویلفیئر ایسوسی ایشن کی طرف سے منعقد ہ جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو وطن عزیز کے بھرپور دفاع پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ہم ان شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے لہو سے اس دھرتی کی آبیاری کی، چاہے وہ تحریکِ آزادی کے جانباز ہوں یا سرحدوں پر وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے سپاہی، سب ہماری تاریخ کے روشن مینار ہیں۔ سمیرا جاوید نے کہا کہ ہم اس وطن کی سلامتی اور اس کی ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے، پاکستان کی سرزمین ہم سے محبت، وفاداری اور ایثار کا تقاضا کرتی ہے اور ہم اس تقاضے کو نبھانے کے لیے ہمیشہ پرعزم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے ہمیشہ وطن سے محبت اور قربانی کی لازوال مثالیں قائم کی ہیں اور یہ جذبہ پاکستان کو مزید مضبوط بنائے گا۔ اس موقع پر جشن آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔