پوری قوم آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے عہد ساز کارناموں پر فخر محسوس کرتی ہے، افتخار علی ملک

جمعرات 14 اگست 2025 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے امریکہ کے انتہائی کامیاب دوروں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورے جیو سٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مستحکم کرنے، اقتصادی تعاون کے نئے مواقع کھولنے اور تجارتی تعاون کے فروغ کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

جمعرات کو یہاں اپنے یوم آزادی کے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 14اگست کے پرمسرت موقع پر پوری قوم آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے عہد ساز کارناموں پر بے پناہ فخر محسوس کرتی ہے۔ ان کے دوروں سے پاکستان کی سفارتی طاقت، تزویراتی اہمیت اور تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی نظام میں باہمی طور پر فائدہ مند اتحاد بنانے کی صلاحیت کا اظہار ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اس طرح کی مصروفیات نہ صرف ہمارے دفاعی اور سکیورٹی تعاون کے لیے تقویت کا باعث ہیں بلکہ مارکیٹ تک رسائی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور نئے تجارتی مواقع کی راہ ہموار کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ میں انڈیا کو تاریخی اور فیصلہ کن شکست دینے کا سہرا آرمی چیف کو جاتا ہے۔ اس کامیابی نے مسلح افواج اور قوم کے حوصلے بلند کیے ہیں اور ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کا دفاع فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دور اندیش اور پرعزم قیادت میں ناقابل تسخیر ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ یوم آزادی ہر پاکستانی کو آبا و اجداد کی قربانیوں اور اپنی قومی خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کرنے کے فرض کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط عسکری قیادت اور فعال معاشی سفارت کاری کا امتزاج وقت کی ضرورت ہے اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایک روشن مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عالمی برادری میں پاکستان ایک خود انحصار، خوشحال اور طاقتور ملک کے طور پر ابھرے گا۔