موڈیز کی ریٹنگ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا،امان پراچہ،عبدالرشید ابڑو

فیلڈ مارشل کو سلام پیش کرتے ہیں،معاشی صورتحال آہستہ آہستہ بہتر ہورہی ہے، فیصل معیزخان

جمعرات 14 اگست 2025 18:35

ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)ایف پی سی سی آئی،بزنس مین فورم،نارتھ کراچی ایسوسی ایشن نے عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی رپورٹ کو پاکستان کے معاشی مستقبل کیلئے ایک بہترین خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایجنسی نے یہ درجہ بندی پاکستان کی بہتر ہوتی مالی پوزیشن اور آئی ایم ایف پروگرام کے تحت کی، موڈیز کی ریٹنگ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا، عالمی مارکیٹ سے کم شرح سود پر قرض، فنانسنگ آسان ہوجائے گی۔

ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر محمدامان پراچہ نے کہا کہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کا سی اے اے 2 سے بہتر ہو کر سی اے اے -1)پر آنا خوش آئند ہے،ملکی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے، کاروباری و صارفین کا اعتماد کسی حد تک بہتر ہورہا ہے لیکن اس وقت شرح سود کوفوری طور پرسنگل ڈیجٹ پر لانے کی ضرورت ہے تاکہ تک کم شرح سود پر سرمایہ کاروں کو قرضے ملیں اور نئی سرمایہ کاری ہو۔

(جاری ہے)

امان پراچہ نے کہا کہ دنیا کو ہم یہ بتا سکتے ہیں کہ ہم بہتری کی جانب گامزن ہیں،ابھی تک ہماری ریٹنگ"سی" ہے جبکہ ایک وقت میں یہ"بی پلس" تھی تاہم اچھی بات یہ ہے کہ ہم ایف کے چکر سے نکل آئے ہیں،معاشی صورتحال آہستہ آہستہ بہتر ہوتی ہے، ایک وقت میں ہم بینک کرپٹ ہو گئے تھے ہمارے چین،امریکا سمیت تمام ممالک سے تعلقات خراب ہو چکے تھے لیکن اب صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔

بزنس مین فورم کے مرکزی رہنما اورایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر عبدالرشید ابڑو نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں پاکستان کیلئے بہتر توقعات ظاہر کررہی ہیں اور اصلاحات کو سراہا جا رہا ہے، امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدے سے برآمدات کے نئے مواقع کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت کے لئے اچھی خبریں آرہی ہیں بھارت پر ٹیرف میں اضافہ، پاک امریکا تجارتی معاہدہ اور عالمی اداروں کی مثبت رپورٹس سے ملکی معیشت کو سپورٹ ملے گی۔

نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف انڈسٹری(نکاٹی)کے صدر فیصل معیز خان نے عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی پاکستان کیلئے موڈیز کی اپ گریڈیشن رپورٹ کو ملکی معیشت کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا،اس رپورٹ سے ظاہر ہورہا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورتحال اببہتر ہو رہی ہے جس کیلئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور حکومت کی کوششیں قابل فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ موڈیز کی اپ گریڈیشن سے ایل سی اور بینک گارنٹی کی ویلیو بڑھے گی،ہمارے سکوک کا ریٹ بہتر ہو گا۔