وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی میجر زیاد سلیم شہید کی رہائش گاہ آمد، اہلخانہ سے تعزیت

یوم آزادی پر ہمیں وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والوں کو یاد رکھنا چاہیے، وفاقی وزیر کی گفتگو

جمعرات 14 اگست 2025 18:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)یوم آزادی کے موقع پر وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان مستونگ، بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے میجر زیاد سلیم کی رہائش گاہ پہنچے اور شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔جمعرات کووفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے میجر زیاد سلیم شہید کی والدہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ آپ نے اپنا سہاگ اور لخت جگر ملک پر قربان کر دیا جو پوری قوم پر بہت بڑا احسان ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ شہید کی والدہ ہونا ایک بڑا اعزاز ہے اور اللہ تعالیٰ آپ کو صبر و حوصلہ عطا فرمائے،آمین۔وفاقی وزیر نے شہید کیلئے فاتحہ خوانی کی اور کہا کہ یوم آزادی پر ہمیں وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والوں کو یاد رکھنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہماری سلامتی کے لیے اپنے بچوں کو یتیم کرنے والے ہمارے قومی ہیرو ہیں اور وطن پر جان قربان کرنے والا ہر جوان ہمارے ماتھے کا جھومر ہے۔

وفاقی وزیرنے نے اس موقع پر کہا کہ یہ آزادی دشمن کو سبق سکھانے والے شہداء کی قربانیوں کی مرہون منت ہے۔میجر زیاد سلیم شہید کے تین بھائی آرمی افسران ہیں جبکہ والد بریگیڈیئر سلیم بھی وطن پر قربان ہو چکے ہیں۔وفاقی وزیر کے ہمراہ استحکام پاکستان پارٹی کے ایم این اے اور پارلیمانی سیکرٹری گل اصغر بگھور بھی موجود تھے جبکہ شہید کے اہل خانہ نے عبدالعلیم خان کی آمد اور اظہار ہمدردی پر شکریہ ادا کیا۔