وطن کی حفاظت کیلئے ہمیشہ صف اول رہنے والے جانباز ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ

جمعرات 14 اگست 2025 18:35

ڈیرہ اللہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)جعفرآباد میں معرکہ حق اور جشن آزادی شایان شان انداز سے منایا گیا، تقریبات اور ریلی نکالی گئی، معرکہ حق اور جشن آزادی کی مرکزی پروقار تقریب ڈی سی آفس میں منعقد ہوئی، ڈپٹی کمشنر خالد خان نے پرچم کشائی کی، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سبز ہلالی پرچم کو سلامی پیش کی، تقریب میں ایس ایس پی جعفرآباد کامران نواز پنجوتھا، اسسٹنٹ کمشنر ارسلان چوہدری، ڈسٹرکٹ چیئرمین میر برہان خان جمالی، میئر میونسپل کارپوریشن میر اسفندیار جمالی، وائس چیئرمین نذر حسین کھوسہ، ناظم صحت ڈاکٹر ایاز جمالی، چیف آفیسر احمد نواز جتک تعلیم، زراعت، جنگلات سمیت دیگر محکموں کے افسران، اساتذہ، طلبہ اور سول سائٹی کے نمائندے شریک ہوئے، تقریب میں طلبہ کے دوران تقاریری مقابلے ہوئے، ڈپٹی کمشنر خالد خان، ایس ایس پی کامران نواز پنجوتھا، اسسٹنٹ کمشنر ارسلان چوہدری، میئر اسفندیار جمالی، چیئرمین میر برہان جمالی نے کامیاب طلبہ اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے میونسپل کارپوریشن اور دیگر محکموں کے ملازمین اور اساتذہ میں انعامات تقسیم کیے، ڈپٹی کمشنر خالد خان نے شرکائ سے خطاب میں پوری قوم کو معرکہ حق اور جشن آزادی کی مبارک باد دی، اور کہا کہ پاکستانی قوم معرکہ حق اور جشن آزادی کو زندہ قوموں کی طرح منا رہی ہے، وطن سے والہانہ محبت اور شہادت کا جذبہ ہمارے رگ و پے رچ بستا ہے، ایس ایس پی جعفرآباد کامران نواز پنجوتھا نے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق اور جشن آزادی ہمیں لازوال قربانیوں اور جذبہ الوطنی سے سرشار کرتے ہیں، وطن کی حفاظت کے لیے ہمیشہ صف اول رہنے والے جانباز ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، انکی شہادت پر فخر اور دلیری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ڈیرہ اللہ یار میں جماعت اسلامی کی جانب سے معرکہ حق اور جشن آزادی کی ریلی نکالی گئی، یونین کونسل مانجھوٹی کے چیئرمین میر مٹھا خان بادینی کی قیادت میں سیکڑوں افراد نے سبز ہلالی پرچم تھامے ریلی میں شرکت کی، ملی نغموں کی گونج میں شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے، قوم معرکہ حق اور جشن آزادی ساتھ ساتھ منا رہی ہے، قوم کا جذبہ دیدنی ہے، نوجوانوں کا وطن عزیز سے والہانہ محبت قابل دید ہے، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، بنیان المرصوص میں پاک فوج نے معرکہ حق سر کیا اور دنیا کو بتا دیا کہ قوم اور فوج وطن کے لیے سیسہ پلائی دیوار ہیں، گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول میں محکمہ تعلیم کے زیراہتمام بھی تقریب کا انعقاد ہوا۔