یوم آزادی، عرس داتا گنج بخش ؒ اور امام حسین علیہ السلام کے چہلم کیلئے پنجاب بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات

جمعرات 14 اگست 2025 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) پنجاب میں قیام امن کے مشن کے تحت محکمہ داخلہ پنجاب میں مرکزی کنٹرول روم 24/7 آپریشنل ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مرکزی کنٹرول روم سے یوم آزادی، عرس داتا گنج بخش رح اور حضرت امام حسین علیہ السلام و رفقا کے چہلم کی مانیٹرنگ جاری ہے۔ صوبہ بھر میں قائم کنٹرول رومز کو مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کیا گیا ہے جہاں افسران 24/7 مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یوم آزادی، عرس داتا گنج بخش رح اور حضرت امام حسین علیہ السلام و رفقا کے چہلم کیلئے پنجاب بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کنٹرول روم کا دورہ کیا اور تمام تر انتظامات و ضلعی کنٹرول رومز میں رابطے کا جائزہ لیا۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ یوم آزادی منانے والوں اور عرس کے زائرین کی پرامن واپسی تک تمام سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔ چہلم پر پولیس کی امداد کیلئے پنجاب کے مختلف اضلاع میں آرمی و رینجرز کی 41 کمپنیاں تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ پاکستان کو محفوظ، مستحکم اور پرامن بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔