چہلم کے جلوس کے لیے اسلام آباد پولیس کا فول پروف سیکیورٹی پلان

5000 اہلکار تعیناتجدید ڈیجیٹل نگرانی اور کمانڈوز کی تعیناتی سے سیکیورٹی مزید سخت

جمعرات 14 اگست 2025 19:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ چہلم کے جلوس کے دوران فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 5000 افسران و جوانوں پر مشتمل دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ جی سکس مرکزی امام بارگاہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ یہ سیکیورٹی پلان پچھلے پانچ سالوں کے تجربات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔

پولیس کے تمام ڈویژنز کے افسران، خواتین اہلکار، سی ٹی ڈی اور ایلیٹ کمانڈوز کے خصوصی دستے بھی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جلوس کے روٹ پر چھتوں پر سنائپر کمانڈوز تعینات ہیں اور نجی ڈرونز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ رینجرز کی 16 کوئک ریسپانس فورس، سی ٹی ڈی کی 29 کیو آر ایف ٹیمیں اور ایلیٹ پولیس کی 16 گاڑیاں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

شہر میں جدید کیمروں کے ذریعے ڈیجیٹل نگرانی کا مربوط نظام فعال ہے، جبکہ سیف سٹی اور موبائل کنٹرول روم بھی مکمل فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد نے مزید بتایا کہ شہر بھر میں سرچ آپریشن اور جلوس کے روٹ کی سات مرتبہ سویپنگ کی گئی ہے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ پولیس سے تعاون کریں اور کسی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع ہیلپ لائن پکار-15 پر دیں۔