اورنگزیب خان کھچی کی لوک ورثہ میں یومِ آزادی اور معرکہ حق کی تقریب میں شرکت

آزادی کا تحفظ قربانی ، اتحاد کے بغیر ممکن نہیں، دفاع وطن کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہے،وفاقی وزیر پاکستان-بھارت حالیہ کشیدگی نے ایک بار پھر ہمیں آزادی کی قیمت اور اس کے تحفظ کیلئے قومی یکجہتی کی ضرورت یاد دلا دی ہے،خطاب

جمعرات 14 اگست 2025 20:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہاہے کہ آزادی کا تحفظ قربانی اور اتحاد کے بغیر ممکن نہیں، دفاع وطن کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہے،پاکستان-بھارت حالیہ کشیدگی نے ایک بار پھر ہمیں آزادی کی قیمت اور اس کے تحفظ کیلئے قومی یکجہتی کی ضرورت یاد دلا دی ہے۔

جمعرات کووفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے لوک ورثہ میں یومِ آزادی اور معرکہ حق کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر، سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر وقاص بھی موجود تھے۔تقریب کا آغاز یومِ آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت سے کیک کاٹنے سے ہوا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ یومِ آزادی ہمیں نہ صرف آزادی کی قدر اور اس کیلئے دی جانے والی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے بلکہ یہ اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ ہم اپنی ثقافت، تہذیب اور قومی ورثے کی حفاظت ہر حال میں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان-بھارت حالیہ کشیدگی نے ایک بار پھر ہمیں آزادی کی قیمت اور اس کے تحفظ کیلئے قومی یکجہتی کی ضرورت یاد دلا دی ہے۔

وفاقی وزیرنے کہاکہ آزادی کا تحفظ قربانی اور اتحاد کے بغیر ممکن نہیں، اور دفاعِ وطن کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہے۔وفاقی وزیر نے لوک ورثہ میں معرکہ حق سے منسوب تصویری نمائش اور ثقافتی پروگرامز کا بھی دورہ کیا اور ان کا سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ثقافت ہزاروں سال پر محیط تاریخ رکھتی ہے اور یہ ہماری شناخت کا بنیادی حصہ ہے۔تقریب میں شریک شرکا نے وطن عزیز کی آزادی، قومی یکجہتی اور شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور دشمن کے عزائم ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔