نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے یوم آزادی جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا

آئی جی بی اے ناصر نے موٹروے پولیس ہیڈکواٹرز میں پرچم کشائی کرکے تقریبات کا آغاز کیا

جمعرات 14 اگست 2025 20:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے یوم آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، آئی جی بی اے ناصر نے موٹروے پولیس ہیڈکواٹرز میں پرچم کشائی کرکے تقریبات کا آغاز کیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کا 78 واں یوم آزادی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ہیڈکواٹرز اسلام آباد میں منعقدہ خصوصی تقریب کا آغاز آئی جی بی اے ناصر نے پرچم کشائی کر کے کیا۔ اس دوران چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ تقریب میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران، جوانوں، ملازمین اور بچوں نے شرکت کی۔ یوم آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔

(جاری ہے)

آئی جی بی اے ناصر نے قوم اور پولیس افسران کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور وطن کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان کی آزادی کا حصول ممکن ہوا۔ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔آئی جی نے کہاکہ ہر فرد کو ملک کی بقا، ترقی اور خوشحالی کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پر کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران کی قربانیوں اور بے لوث خدمت کو سراہا اور کہا کہ قومی شاہراہیں اور موٹرویز ملک کی معاشی شہ رگ ہیں، ان کی حفاظت کا مطلب ہے ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کو یقینی بنانا۔

آئی جی نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں کے مطابق دیانت داری، غیر جانبداری اور عوامی خدمت کے جذبے سے کام کرتی ہے اور ملک کی شاہراہوں اور مسافروں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔یوم آزادی کے اس موقع پر، ہیڈکواٹرز سمیت تمام زونز، سیکٹرز اور بیٹس کے دفاتر کو برقی قمقوں سے سجایا گیا اور سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا۔ تمام ٹول پلازوں اور سروس ایریاز میں LEDپر قومی ترانے اور ملی نغمے چلائے گئے، اور مسافروں میں سبز جھنڈیاں، جشن آزادی کے حوالے سے پمفلٹس اور گفٹ ہیمپرز تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر آئی جی نے بچوں میں خصوصی تحائف تقسیم کیے۔