معرکہ حق جشن آزادی کی تقریبات منعقد کرنے کا اپنا وعدہ پورا کردیا ، گورنرسند ھ

تقریبات میں تاریخ کا سب سے بڑا ڈیجیٹل اسٹیج، قومی پرچم اور بہت سے شوز منعقد کئے، قرآن خوانی کے بعد گفتگو

جمعرات 14 اگست 2025 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ آج گورنر ہائوس میں قرآن خوانی میں 100قرآن پاک ختم کئے گئے ہیں ۔اس قرآن خوانی کا ایصال ثواب معرکہ حق کے شہداء بالخصوص کربلا کے شہیدوں کو پہنچے گا ۔ یکم اگست سے 14اگست تک معرکہ حق جشن آزادی کے پروگرامز منعقد کرنے کا اپنا وعدہ پورا کردیا ہے۔

ان تقریبات میں تاریخ کا سب سے بڑا ڈیجیٹل اسٹیج، قومی پرچم اور بہت سے شوز منعقد کئے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور انیس قائم خانی کے ہمراہ قرآن خوانی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ 14اگست کو پاکستان وجود میں آیا اللہ تعالیٰ ا س وطن عزیز کو تاقیامت سلامت رکھے گا ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو یہ موقع ملا کہ اس نے دیکھا کہ پاک فوج نے بھارت کو بدترین شکست دی ۔ معرکہ حق جشن آزادی منانے کا مقصد پوری قوم کا جوش و جذبات بھار ت کو دکھانا تھا ۔ بھارت نے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا لیکن پاک فوج نے اس کا بھرپور جواب دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ گنا طاقت والا بھارت اندر سے ٹھس نکلا ، ایئر فورس ، نیوی اور پاک فوج نے اس کا بھرکس نکال دیا ۔