پاکستانی قوم متحد ہے اور ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،مشیرِ وزیر اعلیٰ سندھ سردار احسان الر حمٰن مزاری

جمعرات 14 اگست 2025 20:40

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی کے موقع پر مشیرِ وزیر اعلیٰ سندھ برائے بین الصوبائی رابطہ سردار احسان الر حمٰن مزاری نے پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری آج کی خوشیاں ان شہداء اور غازیوں کے نام ہیں جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں بھارت کے خلاف آپریشن "بنیان مرصوص" میں شاندار اور تاریخی فتح حاصل کی، جو افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور پوری قوم کے اتحاد، قربانی اور استقامت کا عملی مظہر ہے اس کامیابی نے نہ صرف دشمن کو واضح پیغام دیا بلکہ قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں یکم اگست سے جاری جشنِ آزادی "معرکۂ حق" اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور دفاع کے لیے اسی جذبے اور اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آزادی کی اصل قدر وہی جانتا ہے جس نے اس کے لیے قربانیاں دی ہوں۔ "میں آزادی کی تحریک میں اپنے آباو و اجداد اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں، جن کی بدولت پاکستان آزاد ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔انہوں نے افواجِ پاکستان کوخراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ ثابت کیا کہ ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ اللہ تعالیٰ وطن عزیز کی سلامتی ہمیشہ برقرار رکھے اور مزید استحکام دے۔