بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز سے نوازا جانا پوری قوم کیلیے باعثِ فخر اور افتخار ہے،وقارمہدی

پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاحکومت کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز سے نواز ے جانے پر مسرت کا اظہار

جمعرات 14 اگست 2025 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے حکومت کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز سے نواز ے جانے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے قائد کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے پی پی پی چیئرمین کو قومی اعزاز سے نوازے جانے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، محترمہ فریال تالپور، بی بی بختاور بھٹو زرداری اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری کو بھی مبارکباد دی ہے۔

سینیٹر وقار مہدی کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز سے نوازا جانا پوری قوم کیلیے باعثِ فخر اور افتخار ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سفارتی محاذ پر جرات مندانہ اور اصولی مقف مضبوط انداز میں رکھا، ان کی آواز دراصل پاکستان کی آواز تھی، بے باک، دوٹوک اور سچائی پر مبنی۔

(جاری ہے)

سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا معرکہ حق کے دوران کردار قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی عظیم روایت کا تسلسل ہے، جنہوں نے ہمیشہ عالمی سطح پر پاکستان کے مفادات کا جرات اور وقار کے ساتھ دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگی محاذ پر پاک افواج اور سفارتی محاذ پر بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو عبرتناک شکست دی۔