کشمیری آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں

جمعہ 15 اگست 2025 13:22

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ کنڑول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں تاکہ مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا جا سکے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے بھارت کو غاصب قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو جموں و کشمیر میں اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں ہے کیونکہ اس نے لاکھوں کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم اورکشمیری عوام کی مرضی کے خلاف جموں و کشمیر پر غیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے بھارت کےغیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے جبری الحاق نے ایک بار پھر بھارت کی نوآبادیاتی، آمرانہ اور فسطائی ذہنیت کو بے نقاب کر دیا ہے ۔بھارتی قیادت کی طرف سے کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت دینے کے وعدوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارت کشمیریوں سے کئے گئے اپنے وعدوں سے مکر گیا ہے جو اس کے قائدین نے بین الاقوامی سطح پر کشمیری عوام سے کئے تھے۔