غیرملکی خریداروں کو برآمدات کے عوض ترسیلات زر کی تاخیر سے آمد پر جرمانہ ختم

جمعہ 15 اگست 2025 17:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے برآمدکنندگان کے غیرملکی خریداروں کی برآمدات کے عوض ترسیلات زر کی مقررہ 60یوم گزرنے کے بعد آمد پر ماہوار 3فیصد جرمانے کو ختم کردیا ہے۔یہ فیصلہ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سینئر وائس چیئرمین جاوید جیلانی، رفیق سلیمان، مہیش کمار، حسب روف، شاہد میمن، مہیب مولوی، فیصل غریب اور سید بدرالدین پر مشتمل نمائندہ وفد کی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں برآمدکنندگان کو ایکسپورٹ ری فنانس پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے علاوہ ایکسپورٹ فیسیلٹیشن اسکیم کے تحت بینکوں کی جانب سے لمٹ کی عدم دستیابی پر گورنر اسٹیٹ بینک نے فوری طور متعلقہ بینک کے بارے اسٹیٹ بینک کو مطلع کرنے کی ہدایت کی جب کہ برآمدی شپمنٹس پر شپنگ لائنز کی جانب سے فریٹ کی مد میں زیادہ مالیت کے شرح تبادلہ پر گورنر اسٹیٹ بینک نے متعلقہ شپنگ لائنز کے خلاف کارروائی کے لیے بمعہ ثبوت مرکزی بینک کو فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ریپ کی منیجنگ کمیٹی کے رکن رفیق سلیمان نے گورنر اسٹیٹ بینک کے فوری احکامات جاری کیے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ طویل عرصے سے مقامی رائس ایکسپورٹرز کی رقم لبنان بیروت میں پھنسی ہوئی ہے جس کے حصول سے متعلق فوری اقدامات بروئے لانے کی درخواست ہے۔اس معاملے پر بھی گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ وہ معاملے سے آگاہ ہیں اور اس اہم مسئلے کے حل کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔