گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نحقی پشاور میں یوم آزادی اور معرکہ حق شایانِ شان طریقے سے منایا گیا

جمعہ 15 اگست 2025 18:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نحقی پشاور میں یومِ آزادی پاکستان اور معرکہ حق بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد طالبات نے اردو و انگریزی تقاریر اور ملی نغموں کے ذریعے یومِ آزادی کی اہمیت کو اجاگر کیاجبکہ اس موقع پرخصوصی کوئز مقابلہ بھی منعقد ہوا، جس میں طالبات نے بھرپور حصہ لیا۔

پرنسپل میڈم عفت شاہین نے کالج کے احاطے میں پرچم کشائی کی اورآزادی کا کیک بھی کاٹا۔

(جاری ہے)

تقریب سے پرنسپل عفت شاہین، سپورٹس انچارج سعدیہ گل اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ 14 اگست 1947 وہ دن ہے جب ہمارے آباؤ اجداد نے وطن کی آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دے کر ہمیں غلامی سے نجات دلائی،آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور اس کا تقاضا ہے کہ ہم اس پرچم کی سربلندی کے لیے ہمیشہ کوشاں رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وطن سے محبت اور پرچم کا احترام صرف ایک دن کا نہیں بلکہ ہر روز کا عزم ہونا چاہیے ۔پروگرام کے اختتام پر پرنسپل نے مختلف مقابلوں میں کامیاب طالبات میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریب کے آخر میں ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔