مسلم کانفرنس نے آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں بھارت کے یومِ آزادی کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا گیا

جمعہ 15 اگست 2025 19:11

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء) صدر مسلم کانفرنس کی ہدایت پر آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں 15 اگست کو بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر یومِ سیاہ منایا گیا۔ مظفرآباد، میرپور، راولاکوٹ، ہجیرہ، اٹھمقام سمیت ریاست کے تمام اضلاع میں مسلم کانفرنس کے زیر اہتمام ریلیاں، احتجاجی جلسے اور سیمینار منعقد ہوئے، جن میں کالی پٹیاں باندھ کر اور سیاہ جھنڈے لہرا کر بھارت کے غیر قانونی قبضے اور مظالم کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

ان تقریبات سے سابق صدر مرزا محمد شفیق جرال، مہرالنساء ،راجہ ثاقب مجید، شمیم علی ملک، میجر (ر) نصر اللہ خان، چیئرمین یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان،سمعیہ ساجد راجہ ،منیر قریشی ،عابدہ منیر قریشی ،شیخ مقصود، سید نذر عباس شاہ، چوہدری خضر حیات، سردار عابد رزاق، سردار عبدالرشید چغتائی، محترمہ عامرہ خانم، میمونہ کیانی، فضاء سجاد راجہ، عائشہ منصف، امنہ مغل، سجاد انور عباسی، یاسر نقوی ایڈووکیٹ، سید تصور موسوی، سید ثقلین فدا کاظمی، شہناز جاوید، راجہ منیر خان، راجہ تبارک، ملک امان، شکور مغل، راجہ محسن مجید، سرخیل مجید اور ذیشان انور عباسی نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ 15 اگست کشمیری عوام کے لیے یومِ سیاہ ہے کیونکہ بھارت نے سات دہائیوں سے زائد عرصے سے فوجی طاقت کے بل پر جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک جابر ریاست ہے جو مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کر رہا ہے، اور کشمیری عوام اس کے یومِ آزادی کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔رہنماؤں نے مزید کہا کہ 14 اگست 1947ء کو مسلمانوں نے حضرت قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں دنیا کی سب سے بڑی نظریاتی اسلامی مملکت پاکستان حاصل کی جو پورے عالم اسلام کا مضبوط قلعہ اور ناقابلِ تسخیر حقیقت ہے، جبکہ 15 اگست کو کشمیری عوام اپنی تحریکِ آزادی کے عزم کو تازہ کرتے ہیں۔

مقررین نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، آبادیاتی تناسب کی تبدیلی کی کوششوں اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر بھارت کے قبضے سے آزاد ہو گا۔