}چین کاپاکستان میں گرین ڈویلپمنٹ سٹڈیزکیلئی20 اسکالرشپس کا اعلان

جمعہ 15 اگست 2025 22:35

] اسلام آ باد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2025ء)چین نے پاکستان کی20 طلبہ کو ماحولیاتی علوم اور گرین ڈویلپمنٹ کے شعبے میں تعلیم و تحقیق کے فروغ کے لیے مکمل اسکالرشپس سے نواز دیا۔ اسکالرشپس حاصل کرنے والو ں میں جامعہ زرعیہ فیصل آباد ( یو اے ایف)، ویمن یونیورسٹی ملتان (ڈبلیو یو ایم )، اور بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی (بی زیڈ یو) ملتان کے طلبہ شامل ہیں۔

گوادر پرو کے مطابق ان اسکالرشپس کے تحت منتخب طلبہ رواں سال ستمبر سے چین کی شیان یانگ نرمل یونیورسٹی میں تین ماہ پر مشتمل تربیتی پروگرام میں شرکت کریں گے۔ جہاں ماحولیاتی پائیداری اور تحقیق میں اعلیٰ معیار پر توجہ دی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد ماحولیاتی پائیداری کے شعبے میں اعلیٰ تعلیمی تربیت اور تحقیق کو فروغ دینا ہے، تاکہ چین اور پاکستان کے درمیان تعلیمی روابط مزید مضبوط ہو سکیں۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق شیان یانگ نرمل یونیورسٹی کے پروفیسر عابد علی نے کہا کہ طلبہ کا انتخاب سخت جانچ پڑتال، سی وی جائزے اور انٹرویوز کے بعد کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ منتخب طلبہ کو چین میں قیام کے دوران درکار مکمل رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔ روانگی سے قبل تینوں جامعات میں طلبہ کے لیے آگاہی سیشنز بھی منعقد کیے گئے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں یہ سیشن ڈائریکٹوریٹ آف ایکسٹرنل لنکیجز میں، ویمن یونیورسٹی ملتان میں پرائم منسٹر یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر میں، جبکہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں وائس چانسلر کمیٹی روم میں 12 اگست 2025 کو منعقد کیا گیا۔

گوادر پرو کے مطابق چینی حکومت کے تعاون سے شروع کیا گیا یہ تربیتی منصوبہ پائیدار ترقی کے شعبے میں عالمی شراکت داری اور صلاحیت سازی کی جانب ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ شعبہ نہ صرف قومی ترجیحات سے ہم آہنگ ہے بلکہ عالمی ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق منتخب طلبہ 16 ستمبر 2025 سے 14 دسمبر 2025 تک تربیتی پروگرام میں شرکت کریں گے۔

طلبہ نے اس موقع کو اپنے کیریئر کے لیے سنگِ میل قرار دیتے ہوئے چینی زبان کی ابتدائی تربیت فراہم کرنے والے بی زی یو کے آن لائن چائنیز لینگویج پروگرام کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ وہاں حاصل کردہ علم اور تجربے کو نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ ترقی بلکہ اپنی جامعات کے تعلیمی و تحقیقی معیار کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کریں گی