پلانٹ فرٹیئرنٹی‘ منصوبے کے آغاز کیلئے ایتھوپیا کے اعلی سطحی وفد کی پاکستان آمد

جمعہ 15 اگست 2025 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) ایتھوپیا کے سرکاری حکام اور ماحولیاتی ماہرین پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد جمعہ کو پاکستان کے مختلف شہروں میں "پلانٹ فرٹیئرنٹی" منصوبے کے آغاز کیلئے کراچی پہنچا۔جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آمد کے موقع پر وفد کا پرتپاک استقبال ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبد اللہ سمیت کراچی میں اعزازی قونصل ابراہیم خالد تواب، ایتھوپین ایئرلائنز اور پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے حکام نے کیا۔

وفد اسلام آباد اور لاہور کا بھی دورہ کرے گا، جہاں "ایتھوپیا-پاکستان گرین ڈائیلاگز" اور بڑے پیمانے پر شجر کاری مہم کا انعقاد کیا جائے گا۔اس موقع پر ایتھوپین سفیر ڈاکٹر جمال بکر نے دورے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا واضح مظہر قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وفد کی آمد دنیا کو یہ مضبوط پیغام دیتی ہے کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں ہے۔

سفیر نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے ایتھوپیا کے عزم کا اعادہ کیا۔یاد رہے دورہ اسلام آباد میں ایتھوپیائی سفارتخانے کی جانب سے ترتیب دیا گیا ہے جس سے ایتھوپیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر آبی احمد کے "گرین لیگیسی انیشی ایٹو" کے تحت ماحولیاتی تعاون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کا موقع ملے گا۔