Live Updates

طوفانی بارشوں و سیلابی ریلوں سے 325 سے زائد افراد جاں بحق، مزید بارشیں ہونے کی پیشگوئی

18 اگست سے 22 اگست تک خیبر پختونخواہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سمیت ملک بھر میں مزید بارشوں کا امکان ہے؛نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی ایڈوائزری

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 16 اگست 2025 11:03

طوفانی بارشوں و سیلابی ریلوں سے 325 سے زائد افراد جاں بحق، مزید بارشیں ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اگست 2025ء ) صوبہ خیبر پختونخواہ ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں، بادل پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں اب تک 325 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بونیر میں قدرتی آفت سے 213 افراد لقمہ اجل بن گئے اور کئی افراد لاپتہ ہوگئے، جس کے باعث بونیر میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی جب کہ مانسہرہ میں سیلابی ریلے اور تودے گرنے کے واقعات میں 20 افراد جاں بحق ہوئے جن کی لاشیں نکالی گئی ہیں، مانسہرہ بہہ جانے والوں میں 17 کا تعلق ضلع مانسہرہ اور 3 کا تعلق ضلع بٹگرام سے تھا، باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 21 افراد جان سے گئے، کلاوڈ برسٹ کے بعد سیلاب کئی گاؤں بہا لے گیا، سیلابی ریلوں میں جانور اور گاڑیاں بھی بہہ گئیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سوات میں بپھرا دریا راستے میں آنے والی ہر چیز بہا لے گیا، مینگورہ سے گزرنے والی ندی کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، پانی کے ریلے رابطہ پلوں تک پہنچ گئے، علاوہ ازیں آزادکشمیر کی وادی نیلم میں سیلابی ریلے دریا پر بنے 6 رابطہ پل بہا لے گئے، مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق، مظفر آباد میں کلاوڈ برسٹ سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 8 جان سے گئے، اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی سیلابی ریلوں سے مختلف علاقوں میں تباہی ہوئی، سکردو میں 5 پل دریا بُرد ہوگئے، چلاس کے اوچھار نالے میں متعدد افراد بہہ گئے۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے اپنی تازہ ترین ایڈوائزری میں خیبر پختونخواہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سمیت ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے تحت 18 اگست سے 22 اگست تک خیبر پختونخواہ میں چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، ہزارہ، پشاور، صوابی، سوات، وزیرستان اور اطراف کے علاقوں میں معتدل سے تیز بارش کا امکان ہے، گلگت بلتستان اور آزاد کمشیر میں 18 سے 22 اگست کے درمیان استور، سکردو، ہنزہ، شگر، باغ، وادی نیلم، مظفر آباد اور اطراف میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات